بین ریاستی خبریںجرائم و حادثات

"گورا کرنے کی دوا” کے بہانے بیوی کو زندہ جلایا، عدالت نے شوہر کو موت کی سزا سنائی

تیزاب نما محلول لگا کر بیوی کو جلانے والا شوہر، آٹھ سال بعد سزائے موت کا مستحق قرار

ادےپور (راجستھان):(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ایک ہولناک واقعے میں شوہر نے اپنی بیوی کو دوا کے بہانے آگ لگا کر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ ماولی کی ایک عدالت نے آٹھ سال بعد اس بھیانک جرم میں ملوث شوہر کو سزائے موت سناتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک عورت کے خلاف نہیں بلکہ پورے معاشرے اور انسانیت کے خلاف جرم ہے۔

24 جون 2017 کو ولبھ نگر تھانہ حدود میں یہ سانحہ پیش آیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم کیشن لال عرف کیشن داس اپنی بیوی لکشمی ویشنو کو اکثر اس کے سانولے رنگ اور وزن کی وجہ سے طعنے دیا کرتا تھا۔

اس رات اس نے بیوی کو بتایا کہ وہ ایک ایسی دوا لایا ہے جس کے استعمال سے اس کی رنگت بدل جائے گی۔ جب لکشمی نے وہ محلول اپنے جسم پر لگانا شروع کیا تو اس سے بدبو آنے لگی۔ اچانک ملزم نے اسے آگ لگا دی اور جب شعلے بھڑکنے لگے تو مزید محلول اس پر انڈیل دیا۔ نتیجتاً لکشمی بری طرح جھلس گئی اور بعد میں ہسپتال میں جان کی بازی ہار گئی۔

لکشمی نے مرنے سے قبل اپنے بیان میں صاف کہا کہ اس کا شوہر ہی اس کا قاتل ہے۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے کیشن لال کو گرفتار کر لیا۔مقدمے کے دوران ایڈیشنل پبلک پراسیکیوٹر دنیش چندر پالیوال نے 14 گواہ اور 36 ثبوت عدالت میں پیش کیے جن میں ایف ایس ایل رپورٹ، میڈیکل شواہد اور لکشمی کا بیان شامل تھا۔ عدالت نے ان ثبوتوں کو ناقابل تردید قرار دیا۔

پریذائیڈنگ جج راہل چودھری نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا:”یہ جرم صرف لکشمی کے خلاف نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف ہے۔ اگر نرمی دکھائی گئی تو یہ معاشرے کے لیے غلط پیغام ہوگا۔ صرف سخت ترین سزا ہی انصاف کو یقینی بنا سکتی ہے۔”ملزم نے دوا کے نام پر ایک محلول لگایا اور بیوی کو آگ لگا دی۔ یہ نہ صرف ظلم ہے بلکہ پورے سماج کے لیے خطرہ ہے۔ ایسے مجرم کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔”

عدالت نے کیشن لال کو تعزیرات ہند کی دفعہ 302 کے تحت سزائے موت اور 50 ہزار روپے جرمانہ سنایا، جبکہ دفعہ 304B (جہیز سے متعلق الزام) ثابت نہ ہونے پر اسے اس دفعہ سے بری کر دیا۔

اس فیصلے کو خواتین پر تشدد کے خلاف ایک تاریخی قدم قرار دیا جا رہا ہے جو معاشرے کو سخت پیغام دیتا ہے کہ ایسے مجرموں کو کسی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button