شانِ رسالت ﷺ میں گستاخی کا شاخسانہ :اُدے پور میں نپور شرما کے حامی گستاخ کنہیا لال کا قتل
دو مسلم نوجوانوں کی دلیرانہ کارروائی، قتل کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل، امن کیلئے چیف منسٹر گہلوت کی اپیل
اُدے پور / جئے پور:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)راجستھان کے اُدے پور میں ایک ٹیلر کے دن دہاڑے ہولناک قتل نے شہر کو کشیدہ بنادیا ہے۔ قتل کی خود قاتلوں نے فلمبندی کی اور ویڈیو سوشل میڈیا پر پیش کردیا جو تیزی سے وائرل ہوگیا۔ اِس کے نتیجہ میں پیدا شدہ حالات کو دیکھتے ہوئے انٹرنیٹ معطل کردیا گیا، دوکانات بند کردی گئیں اور چیف منسٹر اشوک گہلوت نے عوام سے امن کی اپیل کی ہے۔ ٹیلر کنہیا لال کو آج دوپہر اُن نوجوانوں نے قتل کیا جو اُس کی دوکان پر آئے۔ اُنھوں نے ٹیلر پر تیز دھاری ہتھیار سے حملہ کیا اور حملہ آوروں میں سے ایک نے فلمبندی کی۔
یہ قتل ظاہر طور پر سلسلہ وار اشتعال انگیز سوشل میڈیا پوسٹس سے جوڑا جاسکتا ہے جو دونوں برادریوں کی طرف سے پوسٹ کئے گئے ہیں۔ پولیس نے کہاکہ کنہیا متعلقہ کیس میں ملزم تھا اور اُس سے پوچھ گچھ بھی کی گئی تھی۔ مبینہ قاتلوں کی تلاش جاری ہے، جنھوں نے اِس جرم پر عملاً فخر کا اظہار کیا اور دیگر شخصیتوں بشمول وزیراعظم نریندر مودی کو دھمکیاں بھی جاری کی ہیں۔
ایڈیشنل ڈائرکٹر (لا اینڈ آرڈر) ہواسنگھ گھومٹا نے میڈیا کو بتایا کہ ملزمین کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا اور اُنھیں احکام ملے ہیں کہ کسی بھی خاطی کو بخشا نہ جائے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ قتل پہلے سے منصوبہ بناکر کیا گیاجس کی تحقیقات کے لئے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ اِس زاویئے سے بھی جانچ کی جارہی ہے کہ آیا یہ حملہ کوئی سازش کا نتیجہ ہے۔ پولیس نے کہاکہ ٹیلر کو معطل بی جے پی ترجمان نپور شرما کے گستاخانہ ریمارکس کی تائید میں پوسٹ کرنے پر بعض تنظیموں سے دھمکیاں ملی تھیں۔ چیف منسٹر گہلوت نے موجودہ صورتحال کو تکلیف دہ بتایا اور کہاکہ دشمنی کا ماحول پیدا کیا جارہا ہے۔



