نئی دہلی12مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)الیکشن کمشنر راجیو کمار کو جمعرات کو اگلا چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا۔وزارت قانون کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق وہ 15 مئی کو عہدہ سنبھالیں گے۔ سبکدوش ہونے والے سی ای سی سشیل چندرا کی میعاد 14 مئی کو ختم ہو رہی ہے۔ اپنے ٹویٹر ہینڈل پر نوٹیفکیشن اور ایک پریس ریلیز پوسٹ کرتے ہوئے وزیرقانون کرن رجیجو نے کمار کو مبارکباد دی ہے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صدر مملکت کو آئین کے آرٹیکل 324 کی شق (2) کے مطابق 15 مئی 2022 سے چیف الیکشن کمشنر کے طور پر شری راجیو کمار کو مقرر کرنے پر خوشی ہے۔چندرا کی میعاد ختم ہونے کے بعد الیکشن کمیشن میں ایک عہدہ خالی ہو جائے گا۔
1960 میں پیدا ہوئے کمار کی مدت کار فروری 2025 میں ختم ہو جائے گی۔صدر اور نائب صدر کے عہدہ کے انتخابات کے علاوہ، 2024 کے لوک سبھا انتخابات اور ان کے دورمیں کئی اسمبلی انتخابات ہوں گے۔راجیوکمارپبلک انٹرپرائزز سلیکشن بورڈ (PESB) کے چیئرمین تھے جب انہیں الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس وقت کے الیکشن کمشنر اشوک لواسا کے استعفیٰ کے بعد یکم ستمبر 2020 کو الیکشن کمشنر کا عہدہ سنبھالا۔انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے 1984 بیچ کے بہار/ جھارکھنڈ کیڈر کے کمار فروری 2020 میں ریٹائر ہوئے۔



