رامائن یاترا: پہلی ٹرین ’شردھالوؤں‘ کو لیکر پہنچی ایودھیا-ریلوے انتظامیہ نے عقیدت مندوں کا پھولوں کی بارش سے کیا استقبال
ایودھیا،8نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)آئی آر سی ٹی سی کے ذریعہ شروع کی گئی شری رامائن یاترا کی پہلی ٹرین پیر کی صبح 9 بجے ایودھیا کینٹ اسٹیشن پہنچی۔ اس ٹرین میں ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے 132 مسافر سوار تھے۔ ریلوے انتظامیہ نے ان عقیدت مندوں پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے ان کا استقبال کیا۔
ٹرین میں سوار عقیدت مندوں نے کہا کہ ایودھیا اور رام ہمارے دلوں میں بستے ہیں۔ آج ایودھیا پہنچنے کے بعد ہماری زندگی قابل رشک ہو گئی۔ کچھ دیگر عقیدت مندوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی کوششوں سے ایودھیا میں رام مندر بن رہا ہے، یہ ملک کے لیے خوش قسمتی کی بات ہے۔
تمام عقیدت مندوں نے ٹرین میں ریلوے کی طرف سے فراہم کی جانے والی سہولیات کی جم کر تعریف کی۔ لوگ اسے فائیو سٹار ہوٹل کی طرح کی سہولیات قرار دے رہے ہیں۔ خصوصی ٹرین سے آنے والے عقیدت مند ایودھیا میں شری رام جنم بھومی، ہنومان گڑھی اور سریو ندی کے کنارے درشن اور پوجا کریں گے۔
اس کے علاوہ وہ پورے ایودھیا کا دورہ کرکے نندی گرام بھی جائیں گے۔ آئی آر سی ٹی سی نے ’شردھالوؤں‘کے سفر کے لیے 4 لگڑری بسوں کابھی انتظام کیا ہے۔ یہ ٹرین منگل کی شام 4:30 بجے وارانسی کے لیے روانہ ہوگی۔



