ریاست میں 200 یونٹ مفت برقی اسکیم پر جاریہ ماہ سے عمل آوری
500 روپئے سلینڈر و 200 یونٹ مفت برقی کیلئے راشن کارڈ لازمی
مارچ میں زیروبلز کی اجرائی ، پہلے مرحلے میں 34,59,589 افر اد اہل ، حکومت پر سالانہ 4164 کروڑ کا بوجھ
صارفین سے /15 فبروری تک آدھار کارڈس کے ساتھ راشن کارڈس کی تفصیلات حاصل کرنے عہدیداروں کو ہدایت
حیدرآباد ::(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) کانگر یس نے 6 ضمانتوں میں ایک اور ضمانت 200 یونٹ تک مفت برقی کی سربراہی کو یقینی بنانے تیاریوں میں تیزی پیدا کردی ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ جاریہ ماہ فبروری سے مفت برقی اسکیم ( گروہا جیوتی) پر عمل کا فیصلہ کرلیا گیا ہے ۔ پرجا پالنا کے دوران درخواستیں داخل کرنے والوں ، راشن کارڈ اور آدھار کارڈ ، یونیک سرویس کنکشن (یو ایس سی) نمبرکے اندراج کا جائزہ لینے کے ساتھ گزشتہ مالیاتی سال 2022-23 کے دوران اوسطاً ماہانہ 200 یونٹ تک برقی استعمال کرنے والے اس کے اہل ہوں گے ۔ ایسے گھریلو صارفین کو فبروری میں استعمال کی گئی برقی بلز مارچ میں ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہے ۔
فبروری میں استعمال کی گئی برقی کی مارچ کے پہلے ہفتہ ریڈینگ حاصل کرکے جاری کی جانے والی بلز میں گروہا جیوتی اسکیم کے اہل افراد کو بلز ادا کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ انہیں زیرو بلز جاری کئے جائیں گے ۔ پرجا پالنا پروگرام کے دوران مختلف اسکیمات کیلئے 1,09,01,255 درخواستیں وصول ہوئیں ان میں راشن کارڈ اور آدھار کارڈس رکھنے والے درخواستوں کی تعداد 64,57,891 ہے ۔ ان میں گروہا جیوتی کیلئے درخواستیں داخل کرنے والے 34,59,585 افر اد ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔ تازہ طور پر اتوار کو ہوئے کابینی اجلاس میں اس اسکیم پر عمل کو حکومت نے منظور دے دی ہے ۔
اسکیم پر عمل کیلئے سالانہ 4,164 کروڑ کے اخراجات کا اندازہ لگایا گیا ہے ۔ دوسری جانب ریاست میں ایس سی ۔ ایس ٹی طبقات کو 101 یونٹ تک مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے ۔ انہیں بھی گروہا جیوتی اسکیم سے فائدہ پہنچایا جائے گا اور انہیں بھی 200 یونٹ مفت برقی سربراہ کی جائے گی ۔ اس کے علاوہ ان کے 222.60 کروڑ روپئے کے بقایا جات بھی یکمشت ڈسکامس کو جاری کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے ۔ ہر ماہ 20 تاریخ سے قبل ڈسکامس گروہا جیوتی استفادہ کنندگان کی تفصیلات حکومت کو فراہم کرنا لازمی ہے ۔ تب ہی حکومت فنڈز جاری کریگی ۔ اسکیم پر عمل آوری کیلئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ہیں ۔ اس اسکیم کیلئے 200 یونٹ تک برقی استعمال کرنے والے صارفین اہل ہوں گے ۔
ایک خاندان کیلئے ایک کنکشن کو اہمیت دی جائیگی ۔ راشن کارڈ اور آدھار کارڈ لازمی طور پر ایک دوسرے سے مربوط ہونا چاہئیے ۔ پرجا پالنا درخواست میں یونیک سرویس کنکشن (یو ایس سی) نمبر کا اندراج ہونا چاہئیے ۔ ڈسکامس کسی بھی صورت میں کنکشن کے نام تبدیل نہ کریں ۔ جو صارفین کا نام ہوگا ان کے نام ہی بل جاری ہوگی ۔ 2022-23 ء میں برقی کے استعمال کی بنیاد پر اہل افراد کا انتخاب کیا جائیگا ۔ اس سال ایک اندازے کے مطابق 2160 یونٹس برقی استعمال ہو تو اس میں مزید 10 فیصد کو ملایا جائے گا ۔ تب سالانہ برقی استعمال 2376 یونٹس ہوگی انہیں 12 ماہ میں تقسیم کیا جائے گا ۔ ایسا کرنے پر ماہانہ 198 یونٹ برقی استعمال ہوگی ۔ انہیں مفت برقی سربراہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
محکمہ برقی کے پرنسپل سکریٹری سید علی مرتضی رضوی نے ریاست میں اندرون 200 یونٹ برقی استعمال کرنے والے گروہا جیوتی صارفین سے آدھار کارڈ ہی کے ساتھ راشن کارڈس کی تفصیلات /15 فبروری سے قبل مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ہے ۔ اسکیم پر عمل آوری کیلئے انہوں نے عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس کا انعقاد کیا ۔ ہر برقی کنکشن کو فون نمبر درج کرنے کی ہدایت دی ۔
500 روپئے سلینڈر و 200 یونٹ مفت برقی کیلئے راشن کارڈ لازمی مستحق خاندانوں کی نشاندہی کا آغاز، تلنگانہ میں 90 لاکھ کارڈ ہولڈرس، گھر گھر سروے کا امکان
حیدرآباد:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) تلنگانہ حکومت نے مزید دو ضمانتوں پر جاریہ ماہ سے عمل کا فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان اسمبلی میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کریں گے۔ پکوان گیس سلینڈر کی 500 روپئے میں سربراہی اور 200 یونٹ ہر ماہ مفت برقی کی سربراہی کیلئے حکومت نے استفادہ کنندگان کے انتخاب کیلئے گائیڈ لائنس تیار نہیں کئے ہیں۔ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ استفادہ کنندگان کی اہلیت کا تعین کریں اوراس بات کو یقینی بنایا جائے کہ صرف غریب اور مستحق افراد حکومت کی ضمانتوں سے فیضیاب ہوسکیں۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے دو ضمانتوں سے استفادہ کیلئے راشن کارڈ کی شرط رکھی ہے۔ سفید راشن کارڈ کے حامل خاندان مستفید ہوپائیں گے۔ کابینہ نے اہلیت پر کوئی فیصلہ نہیں کیا تاہم عہدیداروں سے کہا گیا کہ غریب اور مستحق خاندانوں کو یہ دونوں سہولتیں فراہم کی جائیں۔
ذرائع نے بتایا کہ عہدیدار دونوں اسکیمات کے امکانی استفادہ کنندگان کا تعین کرنے میں مصروف ہیں اور مختلف محکمہ جات سے تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ پرجا پالنا میں ایک کروڑ سے زائد درخواستیں داخل کی گئیں۔ ریاست میں گھریلو گیس کنکشن کی تعداد 1.28 کروڑ ہے ان میں اہل خاندانوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ فوڈ سیکوریٹی کے تحت جاری کئے گئے کارڈز کی حقیقی تعداد کا پتہ چلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ابتدائی معلومات کے تحت ریاست میں فوڈ سیکوریٹی کارڈز کی تعداد 9014263 ہے ۔دونوں ضمانتوں کیلئے 90 لاکھ افراد اہل قرار پائیں گے۔ ایسے خاندان جن کے پاس فوڈ سیکوریٹی کارڈ نہیں ہے لیکن وہ بی پی ایل خاندانوں کے تحت آتے ہیں ان کی نشاندہی کیلئے درخواستوں کی شخصی جانچ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عہدیداروں کی ٹیمیں ریاست میں گھر گھر پہنچ کر درخواستوں کا جائزہ لیں گی اور سطح غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والوں کا انتخاب کیا جائیگا۔ حکومت ضمانتوں پر عمل میں سرکاری خزانہ پر اضافی بوجھ سے بچنا چاہتی ہے۔



