قومی خبریں

لون ڈیفالٹ پر فونس کی خدمات محدود کرنے کی تجویز، آر بی آئی کے نئے قواعد

قرض واپس نہ کرنے والوں کے فونس محدود کئے جاسکیں گے

ممبئی 22 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ریزرو بینک آف انڈیا Reserve Bank of India نے قرض کی بازیابی سے متعلق اپنے نئے مسودہ رہنمایانہ خطوط میں ایسی گنجائش رکھی ہے جس کے تحت قرض پر خریدے گئے موبائل فونس اور دیگر الیکٹرانک آلات کی کارکردگی محدود کی جاسکے گی، اگر قرض دار مقررہ مدت میں رقم واپس نہ کرے۔

آر بی آئی نے واضح کیا ہے کہ یہ مجوزہ قواعد صرف انہی آلات پر لاگو ہوں گے جو قرض کے ذریعہ خریدے گئے ہوں۔ بینک پرسنل لون، کار لون یا ہوم لون کی عدم ادائیگی کی صورت میں قرض دار کے ذاتی موبائل فون کو محدود نہیں کرسکیں گے۔

مجوزہ قواعد کے مطابق اگر قرض کی رقم 90 دن سے زیادہ عرصہ تک بقایا رہے اور قرض دار کو وقت پر ریکوری نوٹس جاری کئے گئے ہوں تو بینک متعلقہ آلات کی خدمات محدود کرسکتے ہیں۔ اس کیلئے ضروری ہوگا کہ قرض کے معاہدہ میں اس اقدام کی واضح اجازت درج ہو۔

رہنمایانہ خطوط میں کہا گیا ہے کہ مخصوص فونس یا الیکٹرانک آلات کو محدود کرنے کیلئے ٹکنالوجی پر مبنی نظام استعمال کیا جاسکتا ہے۔ تاہم بعض بنیادی سہولیات ہر حال میں دستیاب رہیں گی جن میں انٹرنیٹ تک محدود رسائی، آنے والی کالز، ایمرجنسی ایس او ایس خدمات اور سرکاری ہنگامی اطلاعات کی وصولی شامل ہیں۔

آر بی آئی نے یہ بھی تجویز دی ہے کہ جیسے ہی قرض دار واجب الادا رقم ادا کرے، ایک گھنٹہ کے اندر تمام تحدیدات ختم کردی جائیں۔

مسودہ رہنمایانہ خطوط میں ریکوری ایجنٹس کیلئے بھی سخت اصول وضع کئے گئے ہیں۔ ان کے مطابق قرض کی وصولی کیلئے فون کالس اور ملاقاتیں صرف صبح 8 بجے سے شام 7 بجے کے درمیان کی جاسکیں گی۔ ریکوری ایجنٹس کو دھمکی دینے، ناشائستہ زبان استعمال کرنے، عوامی طور پر بدنام کرنے، سوشل میڈیا پر شرمندہ کرنے یا بار بار فون کالس کے ذریعہ ہراساں کرنے سے گریز کرنا ہوگا۔

آر بی آئی نے مجوزہ قواعد پر عوامی آراء 31 مئی تک طلب کی ہیں جبکہ ان پر یکم اکتوبر 2026ء سے عمل آوری کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button