قومی خبریں

دہلی سمیت ملک کی 5 ریاستوں میں کہرے کا ریڈ الرٹ

آئی ایم ڈی کے مطابق جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں 30 اور 31 دسمبر کو ہلکی بارش یا برفباری کا امکان

نئی دہلی، 29دسمبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) ملک کی شمالی ریاستوں میں آئندہ دو روز تک گھنے دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ان ریاستوں میں دہلی، ہریانہ، پنجاب، اتراکھنڈ اور اتر پردیش شامل ہیں۔ دھند کے حوالے سے یہاں ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دھند کے باعث ملک بھر میں 271 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور ڈیڑھ درجن کے قریب پروازیں منسوخ کرنا پڑیں۔اس دوران اطلاع ملی ہے کہ صرف دہلی میں 100 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ اس کے علاوہ 80 سے زائد ٹرینیں 8 سے 10 گھنٹے کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔دوسری طرف یوپی کے 51 اضلاع میں دھند کا ریڈ الرٹ ہے۔ 7 شہروں میں زیادہ سے زیادہ پارہ مسوری سے کم ریکارڈ کیا گیا۔ ان شہروں میں کچھ جگہوں پر حد نگاہ صفر اور کچھ جگہوں پر 5-10 میٹر تک پہنچ گئی۔ اس کے ساتھ ہی ایم پی کے 7 اضلاع میں انتہائی گھنی دھند کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

آئی ایم ڈی کے مطابق جموں و کشمیر، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں 30 اور 31 دسمبر کو ہلکی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ اتر پردیش، مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، تمل ناڈو اور کیرالہ میں 31 دسمبر سے 2 جنوری تک ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔اتر پردیش میں گھنے اسموگ کی وجہ سے سڑک حادثات میں 12 افراد ہلاک ہوگئے۔ جمعرات 28 دسمبر کو اپنی ایڈوائزری میں محکمہ موسمیات نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سڑک پر کسی بھی راستے سے سفر کرتے وقت فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔گزشتہ تین دنوں میں دہلی ہوائی اڈے سے تقریباً 60 پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔

گھنے سموگ کی وجہ سے گزشتہ تین دنوں میں دہلی ہوائی اڈے سے تقریباً 60 پروازوں کو دوسرے شہروں کے ہوائی اڈوں کی طرف موڑ دیا گیا۔ 25 دسمبر کی نصف شب سے 28 دسمبر کی صبح 6 بجے تک 58 پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا ہے۔کل جمعرات 28 دسمبر کو گھنی دھند کی وجہ سے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی فلائٹ کو دہلی ایئرپورٹ سے جے پور کی طرف موڑ دیا گیا۔ کانگریس کے 139ویں یوم تاسیس کے موقع پر ناگپور میں ایک میگا ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ راہل اس ریلی میں شرکت کے بعد دہلی لوٹ رہے تھے۔خیال رہے کہ دہلی، پنجاب، ہریانہ، راجستھان، شمالی مدھیہ پردیش، اتر پردیش، جموں و کشمیر، اڈیشہ، اتراکھنڈ، آسام، میگھالیہ، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں 30 دسمبر تک گھنی دھند چھائی رہے گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button