موسم سرما کا پھل امرود سے علاج,ڈاکٹر حکیم محمد فاروق اعظم حبان قاسمی رحیمی شفاخانہ بنگلور
نزلہ، زکام، سردی اور جلدی امراض میں امردو کے پتوں کو پکا کر اس کا جوشاندہ استعمال کیا جاتا ہے۔
قدرت نے جس قدر فواکہات پیدا کئے ہیں سب کے سب اپنی صفت ذائقے اور فوائد کے اعتبار سے مکمل اور مسلّم ہیں، امرود دنیا کے بہترین پھلوں میں شمار ہوتا ہے یہ اپنی خوشبو اور ذائقے میں یکتاہے۔ اس کے درخت اور پھل کی کوئی چیز بیکار نہیں ہے مثلاً امرود کی لکڑی نہایت مضبوط اور ٹھوس ہوتی ہے اور اس کی لکڑی میں لچک بھی ہوتی ہے۔ اس سے چھوٹے چھوٹے لکڑی کے سامان بنائے جاتے ہیں اس کے پتّے بکثرت دواؤں میں استعمال ہوتے ہیں۔
نزلہ، زکام، سردی اور جلدی امراض میں امردو کے پتوں کو پکا کر اس کا جوشاندہ استعمال کیا جاتا ہے۔امرود سے کھانسی اور گلے کی بیماریاں دور ہوجاتی ہیں۔ بدہضمی میں امرود استعمال کریں تو پیٹ صاف ہوجاتا ہے۔ نیز جگر کی خرابی میں امرود قدرت کا انمول تحفہ ہے۔ بعض قدیم اطباء نے لکھا ہے کہ امرود اگر مستقل استعمال کیا جائے تو کبھی دل کی بیماری نہیں آتی۔ اور جو لوگ خونی، بادی یا ریاحی بواسیر میں مبتلا ہوں اور قبض کی دائمی شکایت ہو تو ان کے لئے امرود اکسیر ہے، امرود کے بیج معدہ کو صاف کرتے ہیں اور اس کا گودا یعنی مغز معدہ کو تقویت پہونچاتا ہے۔ امرود ہی وہ پھل ہے جو بہت جلد ہضم ہوکر صالح خون انسانی جسم کو عطا کرتا ہے۔ مختصر یہ کہ اس کے فوائد بے شمار ہیں اور اس کا استعمال کرنیوالا ہمیشہ فائدہ محسوس کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آج امرود کی افادیت کو خواص و عوام نے محسوس کرلیا ہے اسی لئے بازار میں اس کی قیمت ستر روپے سے لے کر سو روپے کلو تک پہونچ گئی ہے۔ آج کے کالم میں ہم اپنے قارئین کرام کیلئے امرود کے کچھ فارمولے پیش کر رہے ہیں۔
درد دانت: اس کے پتوں کو چبانے سے دانتوں کا درد دور ہو جاتا ہے۔
بھنگ و دھتورے کا زہر:۔ اس کا رس پلانے سے یا امرود کھلانے سے بھنگ و دھتورے کا زہر دور ہوجاتاہے۔
دست:۔ امرود کی جڑ کا جوشاندہ پلانے سے پرانے دست جلد دور ہوجاتے ہیں پتوں کا جوشاندہ بھی یہی فائدہ کرتاہے، لیکن جڑ کا جوشاندہ زیادہ فائدہ مند ہے۔ امرود میں مصری ملاکر کھانے سے بھی دست دور ہوتے ہیں۔
شوگر:۔امرود پھل کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کر کے پانی میں ڈال دیں تین گھنٹہ بعد چھان کر پلانے سے شوگر (ذیابیطس) اور زیادتی پیشاب میں فائدہ مند ہے۔
بدہضمی:۔امردو کے کچے پتوں کا رس 15؍ گرام میں چینی ملا کر لینے سے بدہضمی دور ہوکر بھوک لگنے لگتی ہے۔
معجون امرود:۔ پکے ہوئے امرود کو باریک پیس کر چینی ملا کر جو حلوہ سا تیار ہوتا ہے۔ وہ مقوی قلب ہے، اور قبض کا مجرب علاج ہے، اسے میٹھی چٹنی یا معجون امردو کے نام سے استعمال کرتے ہیں۔
مربہ امرود: آدھے پکے امرود کو پانی میں دھوکر چینی کی چاشنی میں رکھنے سے جو مربہ تیار ہوتا ہے۔ یہ خونی دستوں میںبہت مفید ہے۔ مربہ بنانے کیلئے امرود کے چھلکوں اور بیجوں کوپہلے سے ہی دور کرلینا چاہیے۔
قبض:۔ کھانا کھانے کے بعد پکے ہوئے امرود کھانا قبض کو کھولتا ہے۔ اور کھانے سے پہلے کھائے جائیں تو قابض ہیں۔
شربت امرود:۔ امرود چھلا ہوا 250 گرام، عرق گلاب 3 کلو، چینی آدھاکلو، امرود کے چھلکے اتار کر چھوٹے چھوٹے ٹکڑے کرکے 250 گرام لیں، پھر آدھا حصہ عرق گلاب میں3یا 4گھنٹہ پکا کر مل کر چھان لیں، باقی بچے عرق گلاب میں چینی ملا کر اس کا آگ پر شربت بنا لیں،اور جو پہلے کا چھنا ہوا رس رکھا ہے، وہ بھی اس میں ڈال دیں، اور پکا کر ایک تارکی چاشنی بنا کر اتار لیں ٹھنڈا ہونے پر بوتلوں میں بھر لیں، 25گرام شربت، 100گرام پانی میں ملا کر صبح اور شام استعمال کریں۔ بدہضمی، کمزوری کے لئے مفید ہے اس سے بڑھی ہوئی گرمی دور ہوجاتی ہے۔
بواسیر :۔پکے ہوئے امرود میں سوراخ کر کے اجوائن کا سفوف5 گرام بھر کر سوراخ کو اسی ٹکڑے سے بند کردیں، اوپر سے کپڑوٹی کر کے آگ کی بھوبل میں بھون لیں۔ اچھی طرح پک جانے پر گولے کورات کو شبنم (اوس) میں رکھ دیں، صبح اوپر کی مٹی اتار کر اس امرود کو کھالیں اس طرح دو چار بار استعمال کرنے سے بواسیرکو بے حد فائدہ ہوتاہے بعض اطباء نے لکھا ہے کہ بواسیر جڑ سے ختم ہوجاتی ہے۔
دل کی کمزوری:۔ امرود کو شہد کے ساتھ کھلائیں دل و دماغ اور معدہ کو طاقت دیتا ہے۔جگر کا ورم:۔ جگر کے ورم میں مریض کو روزانہ ایک امرود صبح اور ایک شام کھانے سے آدھا گھنٹہ پہلے کھلائیں انشاء اللہ چند روز میں جگر کا ورم دور ہوگا اور کھانے کی اشتہا پیدا ہوجائے گی۔
پرانی دھسکا لگنے والی کھانسی:۔ میرے والد محترم بڑے حکیم صاحب حضرت مولانا ڈاکٹر حکیم محمد ادریس حبان رحیمی ایسے مریضوں کو جن کی کھانستے کھانستے آواز گھٹنے لگتی ہے اور کھانسی رکنے کا نام نہیں لیتی، وہ بتلاتے ہیں کہ یہ نہایت مجرب اور پرانا ٹوٹکا ہے کہ ایک عدد سخت کچا امرود لے لیں اگر چولہے کی آگ میسر ہو تو راکھ میں رکھدیں یا پھر کسی چمٹے سے پکڑ کر دھیمی آنچ پر یا گیس پر بھون لیں اور اس قدر پکائیں کہ امرود سے پانی نکلنے لگے اور پیلا ہوجائے، امرود سے بھینی بھینی خوشبو آنے لگے تو امرود کو ہلکا سا چھیل لیں اور کاٹ کر کالی مرچ نمک لگا کر ہلکا گرم کھائیں انشاء اللہ چند امرود کے ہی کھانے سے فائدہ ہوجائے گا۔
خوبصورت بالوں کیلئےبالوں کو گھنا کرنے کے لئے لال شلغم استعمال کریں ۔اس کو استعمال کرنے کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ اس کو چاقو سے خوب باریک کاٹ کر مکسی میں پیس کر باریک کرلیں اور مہندی کی طرح سر کے بالوں میں لیپ کریں ۔ تین یا چار گھنٹہ کے بعد دھودیں ۔ہفتہ میں ایک یا دو بار کریں انشاء اللہ چند ماہ میں بال خوب گھنے او رموٹے ہوجائیںگے۔ کھانسی اور دمہ کے خاتمے کیلئےایک پاؤ برگ اڑوسہ ڈیڑھ سیر پانی میں جوش دیں۔ ایک پاؤ رہنے پر کپڑے سے چھان لیں پھر پرانی قند سیاہ دو تولہ اس میں ڈال کر اس قدر آگ پر جوش دیں کہ قوام بن جائے اور لئی کی طرح بالکل گاڑھا ہو جائے اب اس کی گولیاں بنالیں۔ گولیاں چنے کے دانے کے برابر بنائیں۔ دو گولیاں بوقت ضرورت منہ میں رکھ کر چوسیں۔ کھانسی اور دمہ کے لئے بے حد مفید ہے۔ ایک چمچ شہد اور آدھا چمچ ادرک کا پانی ملا کر اس میں باریک سیاہ پسی ہوئی مرچ چھڑک کر صبح نہار منہ اور رات کو سوتے وقت کھائیں۔ دمہ ختم ہو جائے گا یہ ایک موثر علاج ہے۔ دمے کی شکایت ہونے کی صورت میں پیاز کا استعمال بڑھالیں اور جتنا ممکن ہو پیاز کھائیں تاکہ آپ کے نظام تنفس کی نالیوں کی تنگی دور ہو سکے۔اور دمہ کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ دمہ اور کھانسی کے لئے تازہ اور عمدہ منقعہ باقاعدہ کھایا جائے تو دمے اور دائمی کھانسی کے مریضوں کو شفا حاصل ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ ان کی بھوک اور ہاضمے کی طاقت کو بھی بڑھا دیتی ہے۔ سینے کے درد کو تحلیل کردیتی ہے۔ ٹی بی کہر بائے شمعی، طبا شیر اصلی ہر ایک دس گرام، کافور، مروارید ناسفتہ ،دانہ الائچی خورد ہر ایک چھ گرام، برادہ صندل سفید ۵۰گرام، سب کو کھرل کر کے غبار کی طرح کرلیں، خوراک دو گرام ہمراہ عرق شیر استعمال کریں، نہایت مفید ہے۔ نسخہ: کشمش ۱۰۰ گرام پانی سے دھوکر ۱۰۰ گرام چینی ملالیں، جب چٹنی کی طرح ہوجائے تو محفوظ رکھیں اور مریض کو ہدایت دیں کہ ۲۰ گرام روزانہ رات کو سوتے وقت چاٹ لیا کرے۔ |



