قومی خبریں

معروف شاعر شین کاف نظام راجستھان رتن ایوارڈ کے لیے نامزد

جے پور، 4اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)معروف مصنف و شاعر شین کاف نظام کو رواں برس ریاست راجستھان کی جانب سے دیئے جانے والے سب سے بڑا اعزازراجستھان رتن سے نوازا جائے گا۔ شین کاف نظام کو سنہ 2010 میں ساہتیہ اکادمی ایورڈ سے بھی نوازا جاچکا ہے۔وہ اب تک ایک درجن سے زائد کتابیں لکھ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی ادارت میں مشہورزمانہ رسالہ ’استفسار‘ شائع ہوتا ہے۔ مشہور صحافی اوم تھانوی نے شین کاف نظام کو راجستھان رتن ایوارڈ کے لیے نامزد کیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں مبارک باد دی ہے۔خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے پیر کو راجستھان رتن ایوارڈ کے لیے ناموں کا اعلان کیا۔

یہ ایوارڈ ریاستی حکومت کی طرف سے جے پور میں 7 سے 8 اکتوبر تک منعقد ہونے والی انویسٹ راجستھان سمٹ-2022 کے دوران دیا جائے گا۔ اشوک گہلوت ریاستی حکومت کی طرف سے دارالحکومت جے پور میں 7سے 8 اکتوبر تک منعقد ہونے والی انویسٹ راجستھان سمٹ-2022 کے دوران منتخب شخصیات کو اس ایوارڈ سے نوازیں گے۔خیال رہے کہ راجستھان حکومت آرٹ، موسیقی اور ادب جیسے مختلف شعبوں میں نمایاں کام کرنے والوں کو یہ ایوارڈ دیتی ہے۔ خیال رہے کہ انویسٹ راجستھان سمٹ 7-8 اکتوبر، 2022 کو جے پور ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹر(JECC) سیتا پورہ، جے پور میں منعقد کی جائے گی جس میں ہندوستان اور بیرون ملک سے تقریباً 3000 شرکا شریک کریں گے ۔

وزیراعلیٰ اشوک گہلوت کے اعلان کے مطابق اس سال راجستھان رتن ایوارڈ جسٹس دلبیر بھنڈاری، جسٹس آر ایم لودھا، صنعت کار انیل اگروال، صنعت کار ایل این متل، اردو زبان کے شاعر شین کاف نظام اور کے سی مالو کو دیا جائے گا۔ راجستھان رتن ایوارڈ راجستھان حکومت کی طرف سے دیا جانے والا سب سے بڑا اعزاز ہے،

جو سال 2012 میں شروع ہوا تھا۔راجستھان رتن ایوارڈ کا اعلان سال 2012 میں کیا گیا تھا، جس میں راجستھانی ادیب وجے دتیتھا، مصنفہ لکشمی چنداوت، شاعر کنہیا لال سیٹھیا کو دیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ مشہور گلوکار آنجہانی جگجیت سنگھ، وشو موہن بھٹ کو پہلے راجستھان رتن ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button