تلنگانہ کی خبریںسرورق

طویل قامت کنڈکٹر امین احمد انصاری کو ریونت ریڈی کی راحت – کارپوریشن کے کسی اور شعبہ میں خدمات کی ہدایت

سوشیل میڈیا پر وائرل تصویر کے بعد فوری حکومتی کارروائی

حیدرآباد (اردو دنیا نیوز/ایجنسیز):تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی نے طویل قامت بس کنڈکٹر امین احمد انصاری کو راحت دیتے ہوئے انہیں ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (TSRTC) کے کسی اور شعبے میں خدمات انجام دینے کی ہدایت دی ہے۔ امین احمد انصاری کی تصویر سوشیل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس میں واضح تھا کہ 7 فٹ قامت کے حامل کنڈکٹر کو 6 فٹ اونچی بس میں ڈیوٹی انجام دینے میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے۔

سوشیل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس تصویر نے عوامی توجہ حاصل کی، جس کے بعد چیف منسٹر نے فوری ایکشن لیتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر کو ہدایت دی کہ معاملے پر کارروائی کی جائے۔ وزیر نے یہ ہدایت TSRTC کے مینجنگ ڈائریکٹر سجنار کو دی کہ امین انصاری کو بس کنڈکٹر کے بجائے کسی موزوں محکمہ میں تعینات کیا جائے۔

امین احمد انصاری کا تعلق شاہین نگر، چندرائن گٹہ سے ہے۔ ان کے والد کاچی گوڑہ ڈپو میں ہیڈ کانسٹبل کے طور پر خدمات انجام دے چکے تھے۔ 2021 میں والد کے انتقال کے بعد انہیں مہدی پٹنم ڈپو میں کنڈکٹر کی ملازمت دی گئی تھی۔

روزانہ 10 گھنٹے کی ڈیوٹی اور بس کے اندرونی ڈھانچے کی محدود بلندی کے باعث انصاری کو مسلسل جھک کر کام کرنا پڑتا تھا، جو ان کی صحت پر منفی اثر ڈال رہا تھا۔ ان کی یہ حالت دیکھ کر سوشیل میڈیا پر ہمدردی کی لہر دوڑ گئی اور صارفین نے حکومت سے نوٹس لینے کی اپیل کی۔

چیف منسٹر کی فوری مداخلت اور احکامات نے اس نوجوان کو ایک بڑی راحت دی ہے اور عوامی سطح پر اس فیصلے کو سراہا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button