تلنگانہ کی خبریںسرورق

بھگوت گیتا کے اردو ترجمے پر ہبہ فاطمہ کو ایک لاکھ کا انعام

علاوہ ازیں سرینواس ریڈی نے ہبہ فاطمہ کے والد کو سرکاری ملازمت،ڈبل بیڈ روم مکان کی فراہمی کا بھی یقین دلایا

حیدرآباد،28نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)بھگوت گیتا کا اردو ترجمہ کرنے والی بودھن کی ہونہار طالبہ ہبہ فاطمہ کو اسپیکر تلنگانہ اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے انہیں اپنی قیام گاہ پر مدعو کیا اور ایک لاکھ روپئے نقد انعام پیش کیا۔سرینواس ریڈی نے ہبہ فاطمہ کے کام کی زبردست ستائش کی اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اپنے ہی ضلع کی دختر کی مثالی اور گراں قدر خدمات سے تاحال عدم واقفیت پر تاسف کا اظہار کیا۔ انہوں نے ہبہ فاطمہ اور ان کے والد احمد خان سے تفصیلی بات چیت کی۔گیتا کے اردو ترجمہ کا مشاہدہ کیا اور فی الفور اپنی جانب سے ایک لاکھ روپئے انعام دیا۔

علاوہ ازیں سرینواس ریڈی نے ہبہ فاطمہ کے والد کو سرکاری ملازمت،ڈبل بیڈ روم مکان کی فراہمی کا بھی یقین دلایا۔واضح رہے کہ متحدہ آندھراپردیش میں احمد خان راشن دکان چلایا کرتے تھے۔حصول تلنگانہ کی جدوجہد کے دوران احمد خان نے احتجاجاً راشن ڈیلر کی حیثیت سے استعفیٰ دے دیا تھا تب سے آج تک وہ مختلف کام کرتے ہوئے اپنے خاندان کی کفالت کر رہے ہیں۔تلنگانہ کے لئے احمد خان کی قربانی کی بھی سرینواس ریڈی نے ستائش کی اور کہا کہ احمد خان کو سرکاری ملازمت کی فراہمی کیلئے وہ حکومت سے نمائندگی کریں گے۔انہوں نے ہبہ فاطمہ کو چیف منسٹر تلنگانہ چندرشیکھرراؤ سے ملاقات کروانے کا بھی یقین دلایا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button