ایم پی وزیر داخلہ کا مضحکہ خیز بیان : مسلمانوں سے کوئی بیر نہیں، دہشت گردوں کی خیر نہیں
نروتم مشرا نے کہا کہ یہ پہلے سے ہی واضح سوچ رہی ہے کہ ہمیں مسلمانوں سے نفرت نہیں ہے تاہم دہشت گردوں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا
جبل پور، 23ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم مشرا نے آرایس ایس سربراہ موہن بھاگوت کے مسجد جانے کے معاملے پر اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔نروتم مشرا نے کہا کہ یہ پہلے سے ہی واضح سوچ رہی ہے کہ ہمیں مسلمانوں سے نفرت نہیں ہے تاہم دہشت گردوں کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ مشرا نے کہا کہ ہم کسی مذہب اورسماج کے خلاف نہیں ہیں۔جبل پور میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر مشرا نے کہا کہ ڈاکٹر بھاگوت کا مسجد جانا اس بات کی علامت ہے کہ ہم رحیم اور رسخان کے پوجا کرتے رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری ثقافت شروع سے ہی واسودیو کٹمبکم کی رہی ہے۔
ریاست کے اندور اور اجین میں این آئی اے اور اے ٹی ایس کی طرف سے پی ایف آئی سے وابستہ لوگوں کے خلاف کی گئی کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے ڈاکٹر مشرا نے کہا کہ اندور اور اجین سے چار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ این آئی اے اور اے ٹی ایس کی مشترکہ کارروائی تھی۔اس کارروائی میں عبدالکریم، عبدالصادق، محمد جاوید اور محمد جمیل کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں سے تین افراد کا تعلق اندور اور ایک اجین سے ہے۔ ان پر مبینہ طورپر یہ الزام لگایا گیا تھا کہ یہ تما م ملزمان ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث تھے۔



