بین ریاستی خبریں

دہلی میں ممکنہ بجلی بحران کا خطرہ : ٹاٹا پاور کے ’مسیج‘ملنے کے بعد وزیراعلیٰ کجریوال نے پی ایم کولکھا خط

نئی دہلی، ۹؍اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی میں بجلی فراہم کرنے والی کمپنی ٹاٹا پاور ڈی ڈی ایل نے اپنے صارفین کو ایک پیغام بھیجا ہے ۔ پیغام میں اپیل کی گئی ہے کہ وہ بجلی کو احتیاط سے خرچ کریں ۔ٹاٹا پاور نے یہ پیغام اس لیے دیا ہے کہ ملک کو اس وقت کوئلے کی قلت کا سامنا ہے ، جس کی وجہ سے آنے والے دنوں میں بجلی کی پیداوا ر مشکل ہو جائے گی۔

وہیں دہلی حکومت نے دارالحکومت پر منڈلاتے ہوئے بجلی بحران کا نوٹس لیا ہے۔ کوئلے کی قلت کے پیش نظر وزیر اعلیٰ اروند کجریوال نے وزیر اعظم کو خط لکھا ہے۔ کجریوال نے وزیر اعظم سے اس سلسلے میں مداخلت کی اپیل کی ہے۔کجریوال نے کہا کہ دہلی میں ممکنہ طو رپر بجلی بحران پیدا ہوسکتا ہے،میں ذاتی طور پر پوری صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوا ہوں، اس صورتحال سے نمٹنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

کجریوال نے کہا کہ دریں اثنا میں نے وزیر اعظم کو ایک خط لکھ کر اس معاملہ میں مداخلت کرنے کی اپیل کی ہے۔بجلی کی پیداوار میں رکاوٹ کی وجہ سے بجلی فراہمی میں بھی مسئلہ ہو گا جس کے باعث صارفین کو بجلی کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس صورتحال میں ٹاٹا پاور نے اپنے صارفین سے کہا ہے کہ وہ بجلی کو احتیاط سے خرچ کریں، تاکہ اگر کوئی کمی ہو تو بھی اسے 24 گھنٹے فراہم کیا جا سکے۔

ٹاٹا پاور بنیادی طور پر شمال مغربی دہلی میں بجلی فراہم کرتی ہے اور اسی علاقہ کے صارفین کو یہ پیغام ملا ہے۔ ٹاٹا پاور کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی فراہم کرتی ہے اور نوبت یہ ہے کہ اس کے پاس محض دو دن کا اسٹاک باقی ہے۔ ٹاٹاپاور ڈی ڈی ایل کے سی ای او گنیش سری نواسن نے بتایا کہ دہلی کو کوئلے کے ذخائر میں قلت کے باعث بجلی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

دہلی اور مرکزی حکومت دونوں کے اقدامات سے راحت ملنے کی امید ہے، تاہم ابھی تک دہلی حکومت کی طرف سے اس سلسلے میں کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے ۔

ہفتہ کو بھیجے گئے ایس ایم ایس میں لکھا ہے کہ چونکہ پورے شمالی ہند میں کوئلے کا محدود اسٹاک رہ گیاہے ، اس لیے دوپہر 2 بجے سے شام 6 بجے تک بجلی کی فراہمی میں پریشانی ہو سکتی ہے۔ براہ کرم اپنا خیال رکھیں اور بجلی کا استعمال احتیاط سے کر کے ایک ذمہ دار شہری بنیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button