نئی دہلی / پٹنہ،05؍جولائی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)راشٹریہ جنتا دل کے سلور جوبلی کے موقع پر راشٹریہ جنتا دل کے رہنما لالو پرساد یادو (RJD Supremo Lalu Prasad)نے بھی دہلی میں بیٹھے بیٹھے اپنی پارٹی اور کارکنوں سے خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ وہ 2020 کے انتخابات کی مہم میں نہیں آ سکے۔تیجسوی نے کہا فکر نہ کرو۔ ویسے بھی آر جے ڈی کا مستقبل بہت روشن ہے۔ ہم آج تک کارپوری ٹھاکر کے خوابوں کو پورا کررہے ہیں۔
ہمارے پاس عوام کی طاقت ہے۔ آج ہم اسی طاقت سے بات کرنے کے قابل ہیں۔ ہم لڑتے رہیں گے اور غریبوں کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔لالو نے اپنے کارکنوں کو صحت کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بیمار ہیں۔ اگر یہ تیجسوی اور ہماری اہلیہ رابڑی نہ ہوتے تو ہم رانچی میں ہی مر جاتے۔
وہ ٹرین سے اٹھاکر ہمیں یہاں لائے ۔ ہم ایمس میں زیر علاج ہیں۔ کھانے پینے میں پرہیز چل رہا ہے۔ پانی بھی کم پینا ہے ۔ ہم بہار آئیں گے، آپ صبر کریں، صبر کو ٹوٹنے نہ دیں۔ لالو یادو نے تقریر کے دوران اپنے بڑے بیٹے تیج پرتاپ یادو کی تقریر کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ تیج #پرتاپ کی دی گئی تقریر میں طاقت ہے۔ #تیجسوی یادو کے لئے انہوں نے کہا کہ اتنے دورے کرنا، پارٹی کا انتظام کرنا اور اتنی چھوٹی عمر میں اتنی سیٹیں حاصل کرنا آسان کام نہیں ہے۔
وہ خود حیران ہیں، لیکن یہ صرف لوگوں کی طاقت سے ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یوم تاسیس انتہائی جوش وخروش کے ساتھ منایا گیا،ایسا ان کے دور میں کبھی نہیں ہوا تھا۔کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے #لالو نے مہنگائی اور بے روزگاری کو کورونا سے زیادہ مہلک قرار دیا۔ مہنگائی اور بے روزگاری نے لوگوں کی کمر توڑ دی ہے۔
اسی دوران انہوں نے مرکز حکومت کو بھی نشانہ بنایا ۔ لالو نے کہا کہ معاشرتی تانے بانے خراب ہورہے ہیں۔ #ایودھیا کے بعد متھرا کے بارے میں بات کر رہے ہیں، یہ کیا ہے؟ یہ لوگ اقتدار کی خاطر ملک کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ میں آر جے ڈی سے کہوں گا کہ وہ سماجی تانے بانے کو مستحکم کرنے کے لئے کام کرتے رہیں۔ میں لوگوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہم مرجائیں لیکن جھکیں گے نہیں۔



