سرورقگوشہ خواتین و اطفال

رسوئی،آپ کا دستر خوان: پسندے ,عرشی دلدارؔ بنگلور

بھنے ہوئے پسندے

بھنے ہوئے پسندے

اجزاء: پسندے آدھا کلوگرام، گھی آدھا پاؤ، پیاز وادرک ایک عدد، لہسن ایک گٹھی، گرم مسالہ دو چُٹکی (پسا ہوا)، دہی آدھا پاؤ، الائچی پانچ سے چھ عدد، ہرا دھنیا ایک گٹھی (کَٹا ہوا)، نمک حسبِ ذائقہ، لال مرچ حسبِ

ذائقہ۔

ترکیب: سب سے پہلے ایک پتیلے میں گھی کڑکڑائیں۔ پھر اس میں پیاز کے لچھے ہلکے سے سرخ کرلیں اور پلیٹ میں نکال لیں۔ اسی گرم گھی میں ادرک، لہسن، دہی، الائچی اور پسندے ڈال کر بُھوننا شروع کر دیں۔ دہی پانی چھوڑے گا، اسی لئے جب تک پانی خشک نہ ہو بھوننے کا عمل جاری رکھیں۔ اب پسا ہوا مسالہ، نمک اور لال مرچ ڈال دیں۔ اس مسالہ کے ساتھ گوشت کے مرکب کو ہلکے پانی میں چھینٹے دے کر بھون لیں۔

جب پسندے اور مسالہ گھی چھوڑ دیں تو گوشت گلانے کے لئے پانی ڈال دیں۔ اس کی مقدار اتنی ہونی چاہیے کہ اس کی سطح گوشت سے تھوڑی اوپر ہو۔ اب انہیں ایک بار پھر بھونیں۔ جب گوشت اور مسالہ گھی چھوڑنے لگیں تو پانی بالکل خشک کرلیں اور اتار لیں۔ اب اس میں ہرا دھنیا ڈال دیں اور تَلی ہوئی پیاز بھی پیس کر ڈال دیں۔ چند منٹ برتن کا منہ بند رکھیں اور پھر پیش کریں۔

مسالہ دار پسندے

اجزاء: نرم گوشت کے پسندے آدھا کلو گرام، سفید زیرہ تین چٹکی، دھنیا تین چٹکی (پسا ہوا)، دہی تین سو پچھتر گرام، ہرا دھنیا ایک گٹھی (کٹا ہوا)، گرم مسالہ حسبِ ذائقہ (پسا ہوا)، گھی ایک سو بیس گرام، نمک حسب ذائقہ، مرچ حسبِ ذائقہ۔ ترکیب: گرم مسالہ، زیرہ، نمک، مرچ اور دھنیا دہی میں ڈال دیں۔ پھر اس میں تھوڑا سا پانی ڈال کر اچھی طرح مِکس کر دیں اور دو گھنٹے کیلئے رکھ دیں۔ پتیلی میں گھی کڑکڑائیں اور پسندے ڈال کر کچھ دیر بھونیں۔ پھر دہی اور مسالوں کا آمیزہ اس میں ڈال دیں۔ دہی کے آمیزے کی وجہ سے یہ جلدی گَل جائیں گے لیکن اگر نہ گلے ہوں تو دَم پر رکھ دیں۔ سالن تیار ہونے کے بعد اس میں پسا ہوا گرم مسالہ اور کٹا ہوا دھنیا ڈالیں اور پیش کریں۔

حیدر آبادی پسندے کا سالن

اجزاء: پسندے ایک کلوگرام، دہی ایک پاؤ، لال مرچ پاؤڈر حسب ذائقہ، ہلدی پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، ادرک، لہسن پیسٹ چار کھانے کے چمچ، پیاز ایک پاؤ، خشخاش چار کھانے کے چمچ، کھوپرا (پسا ہوا) پچاس گرام، مونگ پھلی پچاس گرام، بادام پچاس گرام، ہرا دھنیا، پو دینہ آدھا پاؤ (چوپ کیا ہوا)، ہری مرچ (بڑی) چھ عدد (بڑے ٹکڑے کاٹ لیں)، لیموں۔ دو عدد، تیل دو کپ، گرم مسالہ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ۔

ترکیب: تیل گرم کر لیں اورپیاز براؤن کر کے نکال لیں۔ پیاز، خشخاش، کھوپرا، مونگ پھلی اور بادام گرائینڈر میں ڈال کرپیس لیں۔ پسندوں میں پانی، ادرک لہسن،نمک اور ہلدی ڈال کر ہلکا سا گلا لیں۔ تیل میں گرائینڈ کیا ہوا مسالہ، نمک، لال مرچ، ہری مرچ، ہلدی، ادرک، لہسن اور دہی ڈال کر بھونیں، ساتھ ہی پسندے بھی ڈال دیں۔ مسالہ بھن جائے اور تیل الگ ہو جائے تو ایک گلاس پانی، ہرا دھنیا، پودینہ، گرم مسالہ اور لیموں کا رس ڈال کر چمچ چلائیں۔ ایک مرتبہ اُبال آنے کے بعد بیس منٹ کیلئے دَم پر رکھ دیں۔ تیار ہو جائے تو گرم نان کے ساتھ پیش کریں۔

بہاری پسندے

اجزاء: پسندے آدھا کلو، کچاپپیتہ ایک کھانے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر، ایک چائے کا چمچ، نمک ایک چائے کا چمچ، اجوائن آدھا چائے کا چمچ، دہی آدھا کپ، سرسوں کا تیل آدھا کپ، ادرک، لہسن کا پیسٹ دو چائے کے چمچ، گرم مسالہ ایک چائے کا چمچ۔

ترکیب: پسندوں میں تمام مسالے اور تیل ڈال کر ایک یا دو گھنٹوں کیلئے رکھ دیں۔ بعدازاں کڑھائی میں ڈالکر دھیمی آنچ پر رکھ کر بھون لیں۔ آخر میں کوئلے کا دَم دے دیں۔ اسکے بعد ڈش میں نکال کر پیاز، ہری مرچ اور لیموں سے گارنش کریں۔

پراٹھا کباب

اشیاء: گوشت بغیر ہڈی کا کا ایک کلو، آلو ابلے ہوئے آدھا کلو، لال مرچ کٹی ہوئی دو سے تین کھانے کے چمچے، نمک حسب ذائقہ۔ چائنیز نمک ایک چائے کا چمچہ، سفید سرکہ دو کھانے کے چمچے، پراٹھے حسب ضرورت، انڈے دو عدد، گرم مصالہ پاوڈر ایک چائے کا چمچہ، گھی یا تیل فرائی کرنے کیلئے، سویا ساس تین کھانے کے چمچے۔

ترکیب: گوشت کو لال مرچ اور نمک کے ساتھ ابال لیں۔ آلو بھی علیحدہ سے ابال لیں۔ جب گوشت گل جائے تو اس کو ٹھنڈا کر لیں۔ ابلے آلو اور گوشت کو دونوں کو ساتھ ساتھ کوٹ لیں۔ جب دونوں چیزیں اچھی طرح کوٹ لیں تو اس میں سویاساس، نمک، انڈے، سرکہ، گرم مصالہ، چائنیز نمک، گوشت میں ملا دیں اور اچھی طرح گوندھ لیں۔ پھر چھوٹے چھوٹے کباب بنا کر کسی گہرے برتن میں رکھ دیں پھر ایک کوئلہ گرم کر لیں جب کوئلہ اچھی طرح گرم ہوجائے تو کبابوں کے درمیان رکھ کر دو سے تین قطرے گھی یا تیل ڈال کر دھواں دیں اور اوپر سے ڈھکن ڈھک دیں۔

تقریبا دس منٹ کے بعد کوئلہ نکال دیں اور توے پر گھی یا تیل گرم کیساتھ بند کردیں اور بیس منٹ کیلئے پکائیں۔ جب تیل الگ ہونے لگے تو اسے اچھی طرح بھون لیں پھر اس کو ہرے دھینے اور پودینے سے گارنش کریں۔ اور ایک کوئلہ جلتا ہوا ڈال کر دیگچی کا ڈھکن بند کردیں اور دو منٹ بعد آنچ پر سے ہٹالیں۔ اور کبابوں کی لذت اور خوشبو دیتی اس ڈش کو گرما گرم سرو کریں اور سلاد کیساتھ پیش کریں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button