قومی خبریں

رابرٹ واڈرا سے ای ڈی کی پوچھ گچھ، لندن جائیداد کیس میں دوبارہ طلبی

ای ڈی نے 2016 میں اس معاملے میں مقدمہ درج کیا تھا۔

نئی دہلی، 14 جولائی۔:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا کے شوہر اور تاجر رابرٹ واڈرا پیر کو نئی دہلی میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے دفتر پہنچے، جہاں ان سے اسلحہ ڈیلر سنجے بھنڈاری کیس میں منی لانڈرنگ کے الزامات کے سلسلے میں پوچھ گچھ کی گئی۔ای ڈی نے رابرٹ واڈرا کو اس کیس میں سمن بھیجا تھا، جس کے بعد وہ پیر کی صبح دفتر پہنچے۔ ابتدائی مرحلے کی مختصر پوچھ گچھ کے بعد وہ باہر نکل گئے، لیکن لنچ کے بعد دوبارہ ای ڈی کے دفتر گئے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ای ڈی کی تحقیقات لندن کی ان دو جائیدادوں پر مرکوز ہیں جو برطانوی اسلحہ ڈیلر سنجے بھنڈاری کے نام پر ہیں۔ ای ڈی کا دعویٰ ہے کہ یہ جائیدادیں دراصل رابرٹ واڈرا کی بے نامی ملکیتیں ہیں۔حکام کے مطابق 2009 میں خریدی گئی برائنسٹن اسکوائر پراپرٹی کو واڈرا نے مبینہ طور پر فنڈ کیا تھا اور اس کی تزئین و آرائش بھی انہی کے کہنے پر کی گئی تھی۔ ای ڈی کا یہ بھی الزام ہے کہ واڈرا لندن کے اپنے دوروں کے دوران اس جائیداد میں کئی بار ٹھہرے تھے۔ ان دونوں جائیدادوں کو اب پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت ‘جرم کی آمدنی’ قرار دے کر تفتیش کی جا رہی ہے۔

ای ڈی نے 2016 میں اس معاملے میں مقدمہ درج کیا تھا۔رابرٹ واڈرا نے ان الزامات کو یکسر مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ ای ڈی انہیں سیاسی بنیادوں پر ہراساں کر رہی ہے۔ پچھلے مہینے ان کی وکیل سمن جیوتی کھیتان نے ایک بیان میں کہا تھا کہ میڈیا میں گردش کرنے والی یہ خبریں کہ واڈرا ای ڈی کے سمن سے بچ رہے ہیں، بالکل غلط اور بے بنیاد ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ واڈرا نے گزشتہ ایک دہائی سے ای ڈی کے تمام سمن، دستاویزات اور معلومات کے مطالبات کی پوری طرح تعمیل کی ہے اور آئندہ بھی قانون کی پاسداری کرتے ہوئے مکمل تعاون جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ واڈرا کو 10 جون کو بھی ای ڈی کے سامنے پیش ہونے کے لیے سمن جاری ہوا تھا، لیکن انہوں نے ای ڈی کو مطلع کیا کہ وہ ذاتی وجوہات کی بنا پر اس دن حاضر نہیں ہو سکیں گے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button