چوہا ’’رونن‘‘ کا کارنامہ: 100 سے زائد بارودی سرنگیں تلاش کر کے عالمی ریکارڈ قائم
جنگی باقیات سے بھری زمین پر ایک ننھے جانور کا بڑا کارنام
کمبوڈیا/نوم پنہ ،12؍اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)افریقی نسل کے تربیت یافتہ چوہے ’’رونن‘‘ نے کمبوڈیا میں 100 سے زائد بارودی سرنگوں اور جنگی باقیات کا پتا لگا کر گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام درج کرا لیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمبوڈیا میں رونن نامی یہ چوہا اگست 2021 سے اب تک 109 بارودی سرنگوں اور 15 ناکارہ ہتھیاروں کو تلاش کر چکا ہے۔ کمبوڈیا کی سرزمین 1998 میں ختم ہونے والی 20 سالہ خانہ جنگی کے باعث بارودی سرنگوں اور ہتھیاروں سے اَٹی پڑی ہے۔
رونن ایک افریقی نسل کا ’’جائنٹ پاؤچڈ ریٹ‘‘ ہے جسے بیلجیئم کی ایک غیر سرکاری تنظیم APOPO نے تربیت دی ہے۔ یہ تنظیم تربیت یافتہ چوہوں کی مدد سے دنیا بھر میں بارودی سرنگیں صاف کرنے کا کام کر رہی ہے۔
چوہوں کو بارودی سرنگوں میں استعمال ہونے والے خاص کیمیکلز کو سونگھنے کی مہارت دی جاتی ہے۔ ان کی چھوٹی جسامت انہیں محفوظ بناتی ہے کیونکہ وہ بارودی سرنگوں کو متحرک کیے بغیر ان کا پتا لگا لیتے ہیں۔
چوہے بمقابلہ مشین:
APOPO کے مطابق یہ چوہے ایک ٹینس کورٹ کے سائز کے علاقے کو محض 30 منٹ میں چیک کر سکتے ہیں، جب کہ انسانی مدد سے، حتیٰ کہ میٹل ڈیٹیکٹر کے ساتھ بھی، یہی عمل 4 دن تک لیتا ہے۔
ماگاوا کا پرانا ریکارڈ:
رونن سے پہلے یہ ریکارڈ ایک اور افریقی چوہے ماگاوا کے پاس تھا، جس نے 5 سال کے دوران 71 بارودی سرنگیں تلاش کی تھیں۔ ماگاوا کو 2020 میں اس بہترین کارکردگی پر سونے کا تمغہ دیا گیا تھا۔



