
نئی دہلی ،24 ؍دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ڈائریکٹوریٹ جنرل آف گڈز اینڈ سروس ٹیکس انٹیلی جنس (ڈی جی جی آئی ) کی احمد آباد ٹیم نے اتر پردیش کے کانپور میں ایک بڑے تاجر اور گٹکھا کنگ اور اس کے سپلائرز کے احاطے پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کئی دنوں سے جاری ہیں۔ چھاپے کے دوران تاجر سے وابستہ ایک سپلائر کے گھر سے تقریباً 150 کروڑ روپئے برآمد ہوئے ہیں۔
چھاپے کی تصویروں میں دو بڑی الماریاں نوٹوں کے بنڈلوں سے بھری نظر آرہی ہیں۔ نوٹوں کے بنڈل کو پلاسٹک کے غلاف میں لپیٹ کر اس پر پیلا ٹیپ لگا دیا گیا ہے۔ ہر تصویر میں 30 سے زیادہ بنڈل نظر آ رہے ہیں۔ایک دیگرتصویر میں محکمہ انکم ٹیکس اور جی ایس ٹی افسران کو ایک کمرے میں چادر پر بیٹھے دیکھا جا سکتا ہے۔
ان کے چاروں طرف نقدی کا ڈھیر لگا ہواہے اور ان کی گنتی کے لیے تین مشینیں لگائی گئی ہیں۔یہ سپلائر گٹکے کے تاجر کو پرفیوم اور خام مال فراہم کرتا ہے۔ نوٹوں کی گنتی کے لیے اسٹیٹ بینک کے حکام کو بلایا گیا، ابھی بھی نوٹوں کی گنتی جاری ہے۔
جی ایس ٹی حکام کے مطابق ای وے بل بنائے بغیر جعلی رسیدوں کے ذریعے سامان بھیجے جا رہے تھے۔ یہ جعلی رسیدیں جعلی فرموں کے نام پر بنائی گئیں۔جی ایس ٹی حکام کے مطابق ان کمپنیوں کے نام پر چالان بنائے گئے جن کا کوئی وجود نہیں ہے۔
ای وے بلوں سے بچنے کے لیے جعلی کمپنیوں کے نام پر بنائے گئے تمام چالان 50,000 روپئے سے کم ہیں۔ حکام نے فیکٹری کے باہر سے ایسے 4 ٹرک بھی قبضے میں لے لیے ہیں۔



