فلمی دنیا

مشہور ہالی ووڈ اسٹار پر ریپ کے الزامات عائد

رسل برانڈ کا کیریئر اور تنازعات

لندن، ۷؍ اپریل (اردو دنیا/ایجنسیز):برطانوی اداکار اور کامیڈین رسل برانڈ پر ریپ اور جنسی ہراسانی کے سنگین الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے تصدیق کی ہے کہ یہ الزامات مختلف ادوار میں پیش آنے والے واقعات پر مبنی ہیں۔

پولیس کے مطابق رسل برانڈ پر دو مرتبہ جنسی زیادتی، ایک بار زبردستی جنسی عمل اور ایک بار جنسی حملے کا الزام ہے۔ یہ الزامات چار مختلف خواتین کی جانب سے عائد کیے گئے ہیں جنہوں نے باقاعدہ طور پر پولیس سے رجوع کیا۔

رسل برانڈ نے ان الزامات کی سختی سے تردید کی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ان کے تمام تعلقات باہمی رضامندی سے تھے۔ تاہم پولیس نے بتایا ہے کہ وہ اس کیس کی مکمل تحقیقات کر رہے ہیں اور عوام سے معلومات کی اپیل کی ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ معاملہ پہلی بار ستمبر 2023 میں منظر عام پر آیا، جب برطانوی اخبارات سنڈے ٹائمز، دی ٹائمز اور چینل 4 کی دستاویزی رپورٹ "ڈسپیچز” کے ذریعے ان الزامات کو منظر عام پر لایا گیا۔

بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق مبینہ واقعات 1999 سے 2005 کے درمیان لندن اور بورنماتھ کے مختلف علاقوں میں پیش آئے تھے۔

واضح رہے کہ 49 سالہ رسل برانڈ 2 مئی 2025 کو لندن کی عدالت میں پیش ہوں گے۔ برانڈ، جو اسٹینڈ اپ کامیڈی سے شہرت حاصل کرنے کے بعد ریڈیو، ٹی وی اور فلموں میں کامیاب کیریئر بنا چکے ہیں، پہلے بھی اپنے متنازع بیانات اور ذاتی زندگی کے باعث خبروں میں رہ چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button