لندن، 5فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)روس نے یوکرین کے دو شہروں ماریوپل اور وولونواخا (Mariupol and Volnovakha) میں عارضی جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔ ادھر امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ جنگ کا انتخاب پوٹن نے کیا ہے جو بلااشتعال اور بلاجواز ہے اور اس کے خوفناک نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
روس نے یوکرین کے دو شہروں ماریوپل اور وولونواخا میں عارضی جنگ بندی کا اعلان کر دیا ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق روسی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ جنگ بندی پر عمل درآمد ہفتے سے ہو گا۔
روسی وزارتِ دفاع کا دعویٰ ہے کہ یہ جنگ بندی انسانی بنیادوں پر کی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کا انخلا ممکن بنایا جا سکے۔روس میں ریگولیٹرز نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک اور ٹوئٹر پر جانب داری کا الزام عائد کرتے ہوئے پابندی عائد کر دی ہے۔
روسی حکام کا کہنا ہے کہ فیس بک نے جانب داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے روسی نیوز چینلز اور سرکاری خبر رساں اداروں تک عوام کی رسائی میں خلل ڈالا۔
البتہ روسی ریگولیٹرز نے ٹوئٹر پر لگائی گئی پابندی کی وجوہات سے آ گاہ نہیں کیا۔یوکرین پر روسی حملے کے بعد سے سوشل میڈیا کمپنیوں نے روسی سرکاری ذرائع ابلاغ تک رسائی محدود کر دی تھی۔چند روز قبل یورپی یونین نے بھی روسی خبر رساں ایجنسی اسپوتنک اور رشیا ٹوڈے کی یورپ میں سروسز معطل کر دی تھیں۔
ٹوئٹر نے بھی پیر کو اعلان کیا تھا کہ وہ روسی میڈیا کے توسط سے یوکرین جنگ کے حوالے سے آنے والی خبروں پر انتباہی نوٹس لگائے گا۔جمعے کو روسی قانون سازوں نے ایک نیا بل پیش کیا ہے جس کے تحت روسی فوج سے متعلق فیک نیوز دینے کو جرم قرار دینے کی تجویز دی گئی ہے۔امریکی وزیرِ خارجہ اینٹنی بلنکن نے کہا ہے کہ روسی افواج یوکرین جنگ میں وحشیانہ طریقے استعمال کر رہی ہے اور مسلسل عام آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
امریکی وزیرِ خارجہ کا یہ بیان روس افواج کی جانب سے یوکرین میں یورپ کے سب سے بڑے جوہری پلانٹ پر حملے کے بعد سامنے آیا ہے۔
جمعے کو برسلز میں یورپی یونین کے وزرائے خارجہ سے ملاقات سے قبل رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے بلنکن کا کہنا تھا کہ ہم سب کو پوٹن کی پسند کی جنگ کا سامنا ہے، جو بلااشتعال، بلاجواز اور ایسی جنگ ہے جس کے خوفناک نتائج برآمد ہوں گے۔اُن کا کہنا تھا کہ ہم وہ سب کچھ کریں گے جس سے اس جنگ کو روکا جا سکے۔
تاہم امریکی وزیرِ خارجہ نے یوکرین پر نو فلائی زون نافذ کرنے کے امکان کو رد کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے جنگ یوکرین کی سرحدوں سے نکل کر پورے یورپ میں پھیل سکتی ہے۔



