کیف؍لندن ، 25فروری::(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)یوکرین نے اعلان کیا ہے کہ روسی فوج نے اپنے حملے کے پہلے دن شدیدلڑائی کے بعد چرنوبل جوہری پاور پلانٹ پر قبضہ کر لیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یوکرین کی صدارتی انتظامیہ کے سربراہ کے مشیر میخائیلو پوڈولیاک نے کہا ہے کہ اس سمت میں روس کے غیرمنطقی حملے کے بعد، یہ کہنا ناممکن ہے کہ چرنوبل جوہری پاور پلانٹ محفوظ ہے۔
یہ آج یورپ کے لیے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن نے روس کے خلاف تباہ کن مغربی پابندیوں کا اعلان کیا ہے اور جلد ہی وہ یوکرین پر ہونے والے حملے پر امریکی عوام سے خطاب کرنے والے ہیں۔
ایک گھنٹہ اور 10 منٹ تک جاری رہنے والی ورچوئل میٹنگ کے بعد جی سیون گروپ، جس میں برطانیہ، کینیڈا، فرانس، جرمنی، اٹلی، جاپان اور امریکہ شامل ہیں، نے کہا کہ وہ قواعد پر مبنی بین الاقوامی نظام کو درپیش روسی خطرے کے خلاف مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
جو بائیڈن نے ٹویٹ کیا کہ جی سیون رہنماؤں نے پابندیوں کے تباہ کن پیکیجز اور روس کو جوابدہ بنانے کے لیے دیگر اقتصادی اقدامات پر آگے بڑھنے پر اتفاق کیا۔ ہم یوکرین کے بہادر لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پابندیاں مستقبل میں طویل عرصے تک روسی معیشت کو تنزلی کا شکار کریں گی۔ بورس جانسن نے روسی صدر کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔جبکہ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ماسکو کے یوکرین پر حملے کے جواب میں 58 روسی افراد اور اداروں کے خلاف پابندیوں کا اعلان کیا۔
قبل ازیں روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے یوکرین میں فوجی آ پریشن کے اعلان کے بعد روسی وزارت دفاع نے یوکرین کی ایئر بیس اور اس کا فضائی دفاعی نظام تباہ کرنے کا دعویٰ کیا جبکہ دارالحکومت کیف سمیت متعدد شہروں میں دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئیں۔
اے ایف پی کے مطابق ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے یوکرین پر روسی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے علاقائی امن کے لیے ’بڑا دھچکا‘ قرار دیا ہے،جمعرات کو ٹی وی خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہم روس کے فوجی آپریشن کومسترد کرتے ہیں۔
یہ علاقائی امن و استحکام کے لیے ایک بڑا دھچکا ہے۔چین نے روس کے وزیر خارجہ سے کہا ہے کہ وہ یوکرین کے معاملے میں ماسکو کی ’جائز تشویش‘ کو سمجھتا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز نے کہا ہے کہ صدر پوتن کے اعلان کے بعد روسی افواج نے یوکرین کے کئی شہروں پر میزائل داغے ہیں جبکہ یوکرین کے جنوبی ساحل کے قریب فوجی بھی اتارے گئے ہیں۔



