بین الاقوامی خبریںسرورق

روس کے یوکرین پر حملے میں 8 شہری ہلاک-جوابی کارروائی میں 5 روسی طیارے اورایک ہیلی کاپٹر تباہ

روس کا یوکرین پر بڑے پیمانے پر فضائی حملہ ’شہروں میں افراتفری‘

کیف، 24فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)روس کے صدر ولادیمیر پوتن کے یوکرین میں فوجی آپریشن کے اعلان کے بعد روسی وزارت دفاع نے یوکرین کی ایئر بیس اور اس کا فضائی دفاعی نظام تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ دارالحکومت کیف سمیت متعدد شہروں میں دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے جمعرات کی صبح یوکرین میں علیحدگی پسندوں کی مدد کے لیے فوجی آپریشن کا اعلان کیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے کہا ہے کہ صدر پوتن کے اعلان کے بعد روسی افواج نے یوکرین کے کئی شہروں پر میزائل داغے ہیں جبکہ یوکرین کے جنوبی ساحل کے قریب فوجی بھی اتارے گئے ہیں۔

روئٹرز کے مطابق یوکرین کے دارالحکومت کیف میں افراتفری دیکھی گئی ہے۔ شہری بینکوں سے رقوم نکالنے اور کھانے پینے کی اشیا جمع کرنے لیے کافی مشکلات کا شکار ہیں کیونکہ شہر کی مغربی جانب جانے والی سڑکوں پر ٹریفک مکمل طور پر جام ہو گئی تھی۔

روس کے یوکرین پر حملے میں 8 شہری ہلاک اور9 زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں 5 روسی طیارے اورایک ہیلی کاپٹرتباہ کردیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کی یوکرین میں شیلنگ سے 8 شہری ہلاک اور9 زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں یوکرین کا ایک فوجی بھی شامل ہے۔ رُوسی حکام کا کہنا ہے کہ ان کے زمیبنی دستے یوکرین کے مختلف علاقوں میں داخل ہوگئے ہیں جبکہ یوکرین میں متعدد فوجی اڈے تباہ کردئیے گئے ہیں۔یوکرین کے وزیرخارجہ دیمترو کیلیبا نے کہا ہے کہ روسی صدرنے یوکرین پرحملہ کردیا۔

دارالحکومت کیف دھماکوں سے گونج اٹھا۔یوکرینی وزیرخارجہ دیمترو کیلیبا نے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ روسی صدرولادیمیرپیوٹن نے یوکرین پر پوری قوت سے حملہ کردیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دارالحکومت کیف سمیت کئی شہروں پرحملے کئے گئے ہیں۔ دنیا صدرپیوٹن کوروکے۔ یہ عملی اقدامات کرنے کا وقت ہے۔

ہم ہر قیمت پراپنے ملک کا دفاع کریں گے اور کامیاب ہوں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دارالحکومت کیف، ڈونباس، اڈیسہ ماریوپول سمیت یوکرین کے مختلف شہروں میں دھماکوں کی زوردار آوازیں آرہی ہیں۔ روسی فوج نے یوکرین کے فوجی اڈوں کو بھی میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button