بین الاقوامی خبریںسرورق

روس کا یوکرین کے خیرسون خطے پر مکمل قبضے کا دعویٰ-روس کا یوکرین میں ٹی وی ٹاور پر راکٹ حملہ، 9 افراد ہلاک

ماسکو ،15مارچ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)روس کی وزارت دفاع نے یوکرین کے جنوب میں واقع خیرسون خطے پر مکمل قبضہ کرنے کا دعویٰ کر دیا۔ماسکو میں روزانہ کی بریفنگ کے دوران روسی وزارت دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ روسی فوج ڈونباس کی باغی فورسز کے ساتھ مل کر حملہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز کے دوران یوکرین کے چھ جنگی طیارے، سات ہیلی کاپٹرز اور 13 بغیر پائلٹ والے ہوائی جہازوں کو تباہ کیا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایئر ڈیفنس سسٹم کی مدد سے یوکرین کے دو ایس ایو 24 اور ایس یو 25 طیارے جبکہ ایک MI 8 ہیلی کاپٹر تباہ کیا گیا۔روسی فضائیہ نے یوکرینی قوم پرستوں اور کرائے کے فوجیوں کے ایک اڈے پر بھی قبضہ کر لیا ہے۔

روس کا یوکرین میں ٹی وی ٹاور پر راکٹ حملہ، نو افراد ہلاک

یوکرین کے مغربی شہر رائیون میں ایک ٹی وی ٹاور پر روسی بمباری سے 9 افراد ہلاک اور نو زخمی ہوئے ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پیر کو علاقائی انتظامیہ کے سربراہ نے کہا کہ ’نو ہلاک اور نو افراد زخمی ہیں۔ ملبے میں پھنسے لوگوں کو نکالا جا رہا ہے۔امریکی نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق سپین کے وزیر خارجہ نے کہا کہ انہوں نے چینی وزیر خارجہ سے کہا کہ بیجنگ یوکرین میں جنگ روکنے کے لیے روس پر اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔

وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم تاریخی لمحات دیکھ رہے ہیں اور تمام عالمی قیادت کی ذمہ داری اور دانشمندی کی ضرورت ہے۔’وزیر خارجہ نے یوکرین پر روسی حملے کی مذمت کی اور کہا کہ روس نے یورپ کے امن و استحکام کو داؤ پر لگایا ہے اور عالمی برادری کے لیے خطرہ ہے۔

روس نے کہا ہے کہ وہ یوکرین کے بڑے شہروں پر کنٹرول حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے، لیکن صدر ولایمیر پوتن کے حکم پر اس کارروائی کو ابھی روکا ہوا ہے۔ پیر کو کریملن کے ترجمان دمیتری پیسکوو نے کہا کہ پوتن نے فوری طور پر حملہ نہ کرنے کا حکم دیا ہے کیونکہ عام شہری زیادہ تعداد میں ہلاک ہو سکتے ہیں۔

تاہم ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ وزارت دفاع بڑے شہروں پر کنٹرول حاصل کر سکتی ہے جو پہلے ہی تقریباً پورے گھیرے میں ہیں۔ انسانی انخلا کے لیے کچھ علاقوں میں راستہ دیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button