
سبیتا اندرا ریڈی کا وجئے نگر کالونی اسکول کا معائنہ، طالبات کیساتھ لنچ
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی Sabitha Indra Reddy نے اسکولوں کی کشادگی کے پیش نظر طلبہ کی حاضری اور اسکولوں میں تعلیم کا جائزہ لینے کیلئے وجئے نگر کالونی کے گورنمنٹ ہائی اسکول کا اچانک دورہ کیا اور عہدیداروں کے ساتھ کووڈ قواعد پر عمل آوری پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے طلبہ اور ٹیچرس سے ملاقات کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ کی جانب سے احتیاطی تدابیر کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی صورتحال قابو میں ہے ، لہذا حکومت نے اسکول اور کالجس کی آج سے کشادگی کا فیصلہ کیا ہے ۔
والدین اپنے بچوں کو بغیر کسی خوف کے اسکول روانہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسکولوں کی جانب سے طلبہ کی لازمی طور پر حاضری کے لئے اصرار نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے بتایا کہ اسکولوں اور کالجس میں تمام احتیاطی اقدامات کئے گئے ہیں۔ سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ آن لائین کلاسس کے موثر نتائج بر آمد نہیں ہوئے جس کے نتیجہ میں حکومت نے باقاعدہ کلاسس کو طلبہ کے مستقبل کے حق میں بہتر تصور کیا ہے ۔
حکومت نے تمام تعلیمی اداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر والدین کو فیس کی ادائیگی کے لئے دباو نہ ڈالیں۔ اسکول اور کالجس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ماہانہ اساس پر ٹیوشن فیس وصول کریں اور کوئی دیگر اضافی فیس وصول نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اولیائے طلبہ پر مالی بوجھ کم کرنے کے لئے یکمشت فیس کی وصولی پر روک لگائی گئی ہے۔
انہوں نے اسکول اور کالجس میں احتیاطی تدابیر پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ گھر کی طرح اسکولوں میں احتیاط کی جارہی ہے ۔ وزیر تعلیم نے مختلف کلاسس کا معائنہ کیا اور طالبات کے ساتھ لنچ کیا۔
انہوں نے طلبہ کو دی جانے والی غذا کے معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسکولوں کی کشادگی کے پہلے دن ریاست بھر میں 40 فیصد طلبہ کلاسس میں شریک ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ 20 لاکھ طلبہ سرکاری اسکولوں جبکہ 40 لاکھ طلبہ خانگی اسکولوں میں زیر تعلیم ہیں۔ جاریہ سال پہلی جماعت میں مزید ایک لاکھ بچوں نے داخلہ لیا ہے ۔ سرکاری اسکولوں میں تقریباً 2 لاکھ سے زائد نئے داخلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ طلبہ کو اپنے بچوں کی طرح دیکھتی ہیں۔



