قومی خبریں

ساگر رانا قتل کیس: سوشیل کمار کو ایک اور دھچکا ، پولیس ریمانڈ میں مزید 4 دن کی توسیع

نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی کی روہنی عدالت نے چھترسال اسٹیڈیم میں 23 سالہ پہلوان ساگر رانا کے قتل میں گرفتار مرکزی ملزم اولمپک تمغہ جیتنے والے بین الاقوامی پہلوان سشیل کمار اور اس کے ساتھی اجے بکر والا کے پولیس ریمانڈ کی مدت میں چار دن کی توسیع کردی ہے۔ دونوں کو آج چھ روزہ ریمانڈ ختم ہونے کے بعد آج عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ پولیس نے قتل سے متعلق کئی اہم پہلوؤں کی تحقیقات کے لئے سات دن کے ریمانڈ کی استدعا کی تھی ،

لیکن عدالت نے صرف چار دن کا ریمانڈکا وقت دیا۔پولیس نے بتایا کہ سشیل کمار سے مزید تفتیش کی جانی ہے۔ واضح ہو کہ ابھی تک اس قتل کیس میں سشیل کمار سمیت 9 افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔38 سالہ پہلوان سشیل کمار اور اس کے ساتھی اجے بکر والا ، قتل کے مرکزی ملزموں کو 23 مئی کو دہلی پولیس کی خصوصی سیل کی ٹیم نے دہلی کے منڈکا علاقے سے گرفتار کیا تھا۔

گرفتاری کے بعد دہلی پولیس نے روہنی عدالت میں سشیل کو پیش کرکے 12 دن کے ریمانڈ کی استدعا کی تھی لیکن میٹرو پولیٹن مجسٹریٹ دیویہ ملہوترا نے صرف چھ دن کا پولیس ریمانڈ منظور کیا۔ عدالتی کارروائی کے دوران سرکاری وکیل اتل سریواستو نے کہا تھا کہ سشیل سے پولیس تحویل میں تفتیش ضروری ہے تاکہ یہ جانا جائے کہ اس قتل کے پیچھے پوری سازش اور مقصد کیا ہے۔

واضح ہو کہ سشیل کمار وہ واحد کھلاڑی ہے جس نے ملک کے لئے لگاتار دو اولمپک تمغے جیتے۔ سشیل نے 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں کانسے کا تمغہ اور 2012 لندن اولمپکس میں چاندی تمغہ جیتا تھا۔ وہ 2010 میں ورلڈ چمپئن بھی رہ چکے ہیں۔

واضح ہوکہ دہلی ہائی کورٹ نے پہلوان سشیل کمار کیس میں میڈیا ٹرائل اور رپورٹنگ پر قدغن لگائے جانے کے حکم کی درخواست پر مبنی ایک عرضی جمعہ کے روز خارج کردیا تھا۔درخواست گزار نے بتایا کہ ملزم کے کیریئر کو ختم کرنے کے ارادے سے ہر طرح کی معلومات میڈیا تک پہنچائی جارہی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button