سیف نے مجھے اسپتال لے جانے پر شکریہ ادا کیا: آٹو ڈرائیور بھجن سنگھ رانا
آٹوڈرائیور بھجن سنگھ کی سیف علی خان سے ملاقات
ممبئی ،22جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)آٹو رکشہ ڈرائیور بھجن سنگھ رانا، جو زخمی اداکار سیف علی خان کو اسپتال لے گئے تھے انہوں نے بتایا کہ کس طرح اداکار اور ان کے اہل خانہ نے انہیں ان سے ملنے کے لیے بلایا اور انہیں بہت عزت دی۔ اس دوران سیف علی خان نے رکشہ ڈرائیور کے کام کی تعریف بھی کی۔ اسپتال سے ڈسچارج ہونے سے پہلے سیف نے رانا سے ملاقات کی۔بھجن سنگھ نے بتایا کہ سیف نے انہیں اسپتال لے جانے پر رکشہ ڈرائیور کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر اسے کبھی کسی چیز کی ضرورت ہو تو وہ اسے کھل کر بتائیں۔سیف علی کے ساتھ ان کی والدہ شرمیلا ٹیگور نے بھی بھجن سنگھ رانا کا شکریہ ادا کیا۔
رانا نے بتایا کہ انہیں سیف کے خاندان نے عزت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے سیف کا فون آیا۔ تاہم مجھے پہنچنے میں دیر ہو گئی۔ جب میں وہاں پہنچا تو وہاں موجود اپنے اہل خانہ کے ساتھ سیف علی خان نے مجھے بہت عزت دی۔ میں نے ان کے ساتھ سیلفی بھی لی۔
رانا نے بتایا کہ ان کا شکریہ ادا کرنے کے ساتھ سیف علی خان نے مدد کی پیشکش بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں نے ان کی مدد کی، یہ میرے لیے بہت بڑی بات ہے اور مجھے اس پر فخر ہے۔ سیف علی خان نے کہا ہے کہ اگر آپ کو کبھی کسی مدد کی ضرورت ہو تو کھل کر بتائیں۔
اس کے ساتھ رانا نے واقعے کی رات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ جب میں اس رات آٹو چلا رہا تھا تو سڑک پر اسپیڈ بریکر کے جھٹکے سے سیف علی خان کو تکلیف ہو رہی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ جھٹکے لگ رہے ہیں، گاڑی آہستہ چلاؤ۔بات چیت کے دوران ڈارئیور بھجن سنگھ نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وہ زیادہ ٹی وی اور فلمیں نہیں دیکھتے۔ اسی لیے وہ اسپتال میں سیف کے ساتھ ملنے والے خاندان کے دیگر افراد کو پہچان نہیں سکے ۔ یہاں تک کہ جب سیف کو اپنے آٹو میں زخمی حالت میں اسپتال لے جایا جا رہا تھا، تب بھی بھجن سنگھ کو معلوم نہیں تھا کہ آٹو میں بیٹھا زخمی شخص سیف علی خان ہیں۔



