قومی خبریں

دہلی فسادات میں ملزم سلمان ڈیڑھ سال بعد گرفتار

نئی دہلی، 27 ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) 2020 میں شمال مشرقی دہلی میں فسادات کے معاملے میں دہلی پولیس کی کرائم برانچ نے ایک مطلوب ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم کا نام سلمان عرف چند بابو ہے، جسے دہلی پولیس نے بلندشہر کے سول لائن علاقے سے گرفتار کیا ہے۔ دہلی پولیس کا دعویٰ ہے کہ 24 فروری 2020 کو سلمان عرف چاند بابو نے دیگر فسادیوں کے ساتھ مل کر دیگر کمیونٹی کے لوگوں کے گھروں پر فائرنگ کی اور جعفر آباد تھانے کے علاقے میں دکانوں کو آگ لگا ئی۔

دہلی پولیس نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ ملزم سلمان فسادات میں اس لیے شامل ہوا تھا کیونکہ اسے دھوکہ دیا گیا تھا کہ سی اے اے اور این آر سی ایکٹ کی وجہ سے ہندوستان کے مسلمانوں کو ملک سے باہر کردیا جائے گا۔کرائم برانچ کے ڈی سی پی راجیش دیو نے بتایا کہ سلمان کی تلاش شمال مشرقی فسادات کے بعد سے جاری ہے۔ 25 ستمبر کو کرائم برانچ کی ٹیم کو اطلاع ملی کہ سلمان بلندشہر میں روپوش ہے، جس کے بعد پولیس ٹیم نے اسے گرفتار کرلیا۔

جعفر آباد کے علاقے میں سلمان کے خلاف فسادات سے متعلق 5 مقدمات درج ہیں۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ پوچھ گچھ کے دوران سلمان نے بتایا کہ مسلمانوں میں سی اے اے اوراین آرسی قانون کے حوالے سے مسلسل یہ بات پھیلائی جا رہی ہے کہ یہ قانون آتے ہی مسلمانوں کو ہندوستان سے نکال دیا جائے گا، جس کی وجہ سے مختلف مقامات پر مظاہرے جاری تھے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button