سیتاپور؍رامپور ،20مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سینئر لیڈر اعظم خان کو جمعہ (20مئی 2022) کو جیل سے رہا کردیا گیا۔ وہ تقریباً دو سال، تین ماہ کے بعد یوپی کی سیتا پور جیل سے باہر آئے ہیں۔ شیو پال یادو اور بیٹا عبداللہ خان ان کے استقبال کے لیے سیتا پور جیل پہنچے تھے۔ فی الحال اس موقع پر سماج وادی پارٹی کے بڑے لیڈر غائب رہے۔ خیال رہے کہ اعظم خان سب سے پہلے سیتا پور جیل سے سابق ایس پی ایم ایل اے انوپ گپتا کے گھر پہنچے۔ دراصل انوپ گپتا اعظم خان کے بہت قریب مانے جاتے ہیں۔
اعظم خان نے جیل سے باہر آنے کے بعد میڈیا سے بات نہیں کی۔ دراصل اعظم خان کو ہدایت دی گئی ہے کہ میڈیا کسی قسم کی بیان بازی نہیں کریں گے۔جس کی وجہ سے ان کی گاڑی کا شیشہ نیچے نہیں آیا اور اس نے کسی سے بات بھی نہیں کی۔تاہم ان کے صاحبزادے عبداللہ اعظم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سپریم کورٹ نے انصاف فراہم کیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ وہ اپنے بھائی ادیب اعظم کے ساتھ والد اعظم خان کو لینے سیتا پور پہنچے تھے۔ اعظم خان کی رہائی کے دوران جیل کے اندر ان کے حامیوں کا مجمع تھا۔ سپریم کورٹ کی جانب سے اعظم کو ضمانت دینے کی خبر پر ان کے حامیوں نے اس دن کو دوہری عید قرار دیا ، اور اعظم خان کا استقبال پھول نچھاور کرکے کیا۔



