لکھنؤ ، 10ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور رامپور کے ممبر پارلیمنٹ #اعظم خان جو #لکھنؤ میدانتا اسپتال میںزیرعلاج تھے،انہیں جمعہ کے روز ہسپتال انتظامیہ نے چھٹی دے دی ہے۔ اب انہیں سیتا پور لانے کی تیاریاں جاری ہیں۔ پولیس افسران کے مطابق لکھنؤ سے #سیتاپور جیل پہنچنے میں تقریباً دو گھنٹے لگیں گے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ سینئر ایس پی لیڈر اعظم خان کو سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے سیتاپور جیل سے میدانتا اسپتال میں داخل کیا گیاتھا۔ ان کی نگرانی ماہرین کی ٹیم کر رہی تھی۔ ہسپتال کے میڈیکل ڈائریکٹر #ڈاکٹر راکیش کپور نے بتایا تھا کہ انہیں کمزوری اور سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔
خیال رہے کہ ایس پی ایم پی اعظم #خان کو سیتاپور جیل میں کرونا متاثر ہونے کے بعد میدانتا اسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ یہاں رکن پارلیامنٹ کو گردے کا مسئلہ در پیش تھا۔ بعد میں انہیں پیشاب کی بھی دشواری ہونے لگی۔ آپریشن کے بجائے ادویات سے اس کا علاج کیا گیا۔
صحت یاب ہونے پر انہیں 13 جولائی کو ڈسچارج کردیا گیا۔ یہاں سے انہیں دوبارہ سیتاپور جیل بھیج دیا گیا۔قابل ذکر یہ بھی ہے کہ اعظم خان کی آکسیجن کی سطح 90 پر آ گئی تھی، ان کی حالت کو نازک دیکھتے ہوئے لکھنؤ لے جانے کا فیصلہ کیا گیاتھا۔



