
سنبھل میں 80 گھروں اور ایک مسجد کو نوٹس، 15 دن بعد بلڈوزر کارروائی کا امکان
تالاب کی زمین پر تعمیرات کے الزام میں 80 گھروں اور مسجد کو نوٹس، بلڈوزر کارروائی زیر غور
سنبھل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)اترپردیش کے ضلع سنبھل میں انتظامیہ نے ایک اور مسجد سمیت تقریباً 80 گھروں کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان پر بلڈوزر کارروائی کی تیاری شروع کر دی ہے۔ منگل کے روز حاتم سرائے علاقے میں واقع ان تعمیرات کو تالاب کی زمین پر قائم بتایا گیا ہے۔ اسی سلسلے میں تمام متاثرہ فریقین کو 15 دن کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
تحصیلدار دھیرندر پرتاپ سنگھ کے مطابق، زمین مافیا نے برسوں پہلے تالاب کی زمین کو پلاٹ بنا کر فروخت کر دیا تھا۔ انتظامیہ نے تمام فریقین کو موقع دیا ہے کہ وہ اپنی زمین کے قانونی دستاویزات پیش کریں۔ اگر مقررہ مدت کے اندر اطمینان بخش جواب نہیں دیا گیا تو مسجد سمیت تمام غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کر دیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق،حاتم سرائے علاقے میں تقریباً 12 سے 13 سال قبل ایک بڑی مسجد تعمیر کی گئی تھی۔ الزام ہے کہ مسجد تالاب کی زمین پر بنائی گئی تھی۔ راجو ٹیم کے سروے کے دوران مسجد کا کوئی ذمہ دار یا متولی پیش نہیں ہوا، جس کے بعد مسجد پر بھی نوٹس چسپاں کر دیا گیا۔
تحصیلدار نے بتایا کہ اگر مقررہ مدت میں تسلی بخش جواب نہیں آیا تو بلڈوزر کارروائی شروع کر دی جائے گی۔ فی الحال 30 سے 40 پلاٹوں پر سرخ نشان لگا دیا گیا ہے، جب کہ مکمل حد بندی کا کام کچھ دنوں میں مکمل کیا جائے گا۔
افسروں کا کہنا ہے کہ تمام افراد کو تحصیل آفس میں حاضر ہو کر اپنی زمین کے کاغذات پیش کرنے کا موقع دیا گیا ہے، لیکن ابھی تک کسی نے کوئی جواب نہیں دیا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی مکمل طور پر قانونی طریقے سے کی جا رہی ہے اور متاثرہ فریقین کو وضاحت کا پورا موقع دیا گیا ہے۔
یہ کارروائی سنبھل ضلع میں زمین قبضے اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف جاری مہم کا حصہ ہے۔ یاد رہے کہ اسی مہم کے تحت گزشتہ ہفتے رایا بُوڑھ گاؤں میں ایک مسجد اور 30 ہزار مربع فٹ کے شادی خانہ کو منہدم کیا گیا تھا۔
مسجد انتظامیہ نے اس کارروائی کے خلاف الہ آباد ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی، مگر عدالت نے کہا کہ نوٹس اور سماعت کا عمل پہلے ہی مکمل ہو چکا تھا، لہٰذا عرضی کو مسترد کر دیا گیا۔اس سے قبل جون 2025 میں چندوسی کے علاقے میں رضأ مصطفیٰ مسجد اور 34 مکانات کو بھی زمین قبضے کے معاملے میں منہدم کیا گیا تھا۔



