ممبئی ، 24 مئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مہاراشٹر نو نرمان سینا کے ایک لیڈر نے ایک تصویر شیئر کرکے این سی پی سربراہ شرد پوار اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ پر طنز کیا ہے۔ اس لیڈر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ راج ٹھاکرے کے خلاف پوار اور برج بھوشن سنگھ کے درمیان اتحاد ہو گیا ہے۔ایم این ایس سربراہ راج ٹھاکرے کو ان دنوں یوپی بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کی سخت مخالفت کا سامنا ہے۔برج بھوشن سنگھ نے متنبہ کیا ہے کہ جب تک راج ٹھاکرے ماضی میں شمالی ہندوستانیوں کے بارے میں اپنے تضحیک آمیز تبصروں کے لیے معافی نہیں مانگتے، تب تک انہیں ایودھیا میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اس کے بعد ٹھاکرے نے اپنی مجوزہ ایودھیا یاترا ملتوی کر دی تھی۔ انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ وہاں موجود ان کی پارٹی کے کارکنان کو،سازش رچ کرکسی قانونی مشکلات میں پھنسا دیا جائے گا۔ منگل کو ایم این ایس لیڈر سندیپ دیش پانڈے نے پوار اور سنگھ کی تصویر شیئر کی۔انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نے راج صاحب کے خلاف’گٹھ جوڑ ‘ کرلیا لیا ہے۔مانا جا رہا ہے کہ اس تصویر کے ذریعے ایم این ایس نے یہ دکھانے کی کوشش کی ہے کہ راج ٹھاکرے کے خلاف سازش کوئی اور نہیں بلکہ شرد پوار اور ان کی پارٹی کر رہی ہے۔ تصویر میں صاف نظر آرہا ہے کہ پوار اتر پردیش کے بی جے پی ایم پی برج بھوشن شرن سنگھ اور این سی پی ایم پی سپریہ سولے اسٹیج پر موجود ہیں۔
ایم این ایس کے ایک اور کارکن سچن مور نے بھی ایسی ہی ایک تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کچھ تصاویر سچی بھی ہیں اور اچھی بھی۔ دوسری جانب مہاراشٹر کے وزیر داخلہ اور این سی پی لیڈر دلیپ والسے پاٹل نے دیش پانڈے کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پوار اور سنگھ کی تصویر ریسلنگ ایونٹ کی ہے اور اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔راج ٹھاکرے جنہوں نے حال ہی میں مہاراشٹر اور خاص طور پر مساجد سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا، 5 جون کو ایودھیا جا نے والے تھے،تاہم گزشتہ ہفتے انہوں نے اسے ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ میرے ایودھیا دورہ سے بہت سے لوگ خوش ہیں، جب کہ کچھ کو یہ پسند نہیں آیا۔



