بین ریاستی خبریںسرورق

سندیش کھالی کیس میں نیا موڑ: متاثرہ خاتون کا ریپ سے صاف انکار، بی جے پی پر لگایا سنگین

خاتون کا الزام ہے کہ اس کے دستخط ایک سادہ کاغذ پر زبردستی لیے گئے

نئی دہلی، 9مئی:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)جس سندیش کھالی معاملے کو لے کربی جے پی ترنمول کانگریس پر حملہ کر رہی تھی ، اب اس مسئلہ پر سنسنی خیز انکشاف ہواہے، جس سے ہر کوئی حیرت زدہ ہے۔ اطلاع کے مطابق ایک مقامی خاتون نے بڑا دعویٰ کیا ہے ،اور اس خاتون کا الزام ہے کہ اس کے دستخط ایک سادہ کاغذ پر زبردستی لیے گئے تھے۔ خاتون کا دعویٰ ہے کہ اس کے دستخط کی بنیاد پر عصمت دری کی جھوٹی شکایت درج کروائی گئی۔ خاتون کے اس الزام کو لے کر مغربی بنگال میں ٹی ایم سی اور بی جے پی کے درمیان سیاسی الزامات اور جوابی الزامات کا دور تیز ہو گیا ہے۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندیش کھالی کی ایک خاتون نے بتایا کہ جس دن قومی کمیشن برائے خواتین کی ٹیم نے یہاں کا دورہ کیا، پیالی نامی خاتون نے ہمیں اپنی شکایات بتانے کے لیے فون کیا۔ خاتون نے کہا کہ میں نے انہیں بتایا کہ ہمیں 100 دن کی نوکری کی اسکیم کے تحت رقم نہیں ملی۔ میں صرف وہ رقم چاہتی تھی اور مجھے کوئی اور شکایت نہیں۔ ہمارے ساتھ کوئی زیادتی نہیں ہوئی۔ پیالی نے ہم سے ایک کورے کاغذ پر دستخط کرائے تھے۔اس کے بعد ہی مجھے معلوم ہوا کہ میرا نام ان خواتین کی فہرست میں شامل ہے،جنہوں نے ٹی ایم سی لیڈروں پر عصمت دری کا الزام لگایا ہے۔

جس خاتون نے پیالی پر سندیش کھالی کو بدنام کرنے کا الزام لگایا ہے،اس نے کہا کہ وہ باہر کی عورت ہے، کہیں اور سے آئی ہے اور بڑی بڑی باتیں کرتی ہے۔ ہم نہیں جانتے کہ وہ یہاں سب کے بارے میں کیسے جانتی ہے۔ شروع میں وہ یہاں صرف احتجاج میں حصہ لیا کرتی تھی۔ ہمیں بعد میں معلوم ہوا کہ وہ یہاں ہمارے ساتھ ہے۔ بی جے پی کو ہم سے جھوٹ بولنے اور دھوکہ دینے کی سزا ملنی چاہیے، مجھے یقین ہے کہ اس نے اس طرح کے اور بھی بہت سے لوگوں کو دھوکہ دیا ہے۔

خاتون اور اس کے اہل خانہ کا کہنا تھا کہ اب اسے پیالی کے خلاف بولنے کے سبب دھمکیاں مل رہی ہیں۔ پارٹی کے مقامی رہنماؤں پر عصمت دری، زمینوں پر قبضے اور جبری وصولی کے الزامات کے بعد ترنمول کانگریس بیک فٹ پر تھی۔ اب وہ جارحانہ نظر آ رہی ہے۔ خاتون کے ان الزامات کے بارے میں، ٹی ایم سی نے بی جے پی پر سیاسی فائدے کے لیے حکمراں پارٹی کو بدنام کرنے کے لیے کہانیاں گھڑنے کا الزام لگایا۔

ترنمول ایم پی سشمیتا دیو نے الزام لگایا کہ بی جے پی سندیش کھالی کی باہمت خواتین کو ان کے خلاف بولنے کی ہمت کرنے پر دھمکیاں دے رہی ہے۔ یہ جماعت کب تک اپنے فریب کا جال بنتی رہے گی، اپنی سیاسی لالچ کی خاطر ہماری ماؤں بہنوں کی عزتوں کو بے شرمی سے پامال کرتی رہے گی۔ بی جے پی نے بھی ٹی ایم سی کے الزامات پر جوابی کارروائی کی ہے۔بی جے پی نے ترنمول کے الزامات کو نقصان پر قابو پانے کی مشق قرار دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button