بین ریاستی خبریں

سنجے راوت کا مرکزی حکومت سے سوال ،آپ نہرو سے اتنی نفرت کیوں کرتے ہیں؟

ممبئی،5ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے اتوار کو کہا کہ ہندوستان کی آزادی کی 75 ویں سالگرہ پر مرکزی وزارت تعلیم کی ایک تنظیم کی جانب سے جاری پوسٹر میں سابق وزیر اعظم جواہر لال نہرو کی تصویر کو شامل نہ کرنا مرکز کی تنگ نظری کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت پر تنقید کی ہے کہ وہ نہرو سے اتنی نفرت کیوں کرتی ہے۔

راوت نے اپنے ہفتہ وار کالم میں شیو سینا کے اخبار ’سامنا‘ میں کہا کہ وزارت تعلیم کے ایک خود مختار ادارہ انڈین کونسل فار ہسٹوریکل ریسرچ (آئی سی ایچ آر) نے نہرو اور مولانا ابوالکلام آزاد کی تصاویر اپنے پوسٹرز میں نہیں لگائی اورانہوں نے الزام لگایا کہ یہ سیاسی انتقام ہے۔

راوت نے دعویٰ کیاکہ جنہوں نے آزادی کی جدوجہد اور تاریخ بنانے میں اپنا حصہ نہیں ڈالا، وہ آزادی کی جدوجہد کے ہیروز میں شامل ہو رہے ہیں۔ سیاسی انتقام کی وجہ سے کیا گیا یہ عمل اچھا نہیں ہے اور یہ ان کی تنگ ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے، یہ ہرمجاہد آزادی کی توہین ہے۔ مرکز کی جانب سے حال ہی میں اعلان کردہ قومی منیٹائزیشن پائپ لائن منصوبے کا حوالہ دیتے ہوئے راجیہ سبھا رکن نے کہاکہ نہرو نے ایسا کیا کیا کہ وہ ان سے اتنی زیادہ نفرت کرتے ہیں؟

بلکہ ان کے بنائے ہوئے ادارے اب ہندوستانی معیشت کی رفتار کے لیے فروخت کئے جا رہے ہیں۔آپ قوم کی تعمیر میں نہرو اور سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی لازوال شراکت کو ختم نہیں کر سکتے،نہرو کی شراکت کو مسترد کرنے والوں کو تاریخ کا قاتل کہا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button