سنجے راوت کی جائیداد قرق: 1034 کروڑ روپے کے چا ل زمین گھوٹالہ معاملے میں ای ڈی کی کارروائی
ممبئی ، 5اپریل :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پاترا چال اراضی گھوٹالہ معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منگل کو شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت کی جائیداد ضبط کی ہے۔ اس کارروائی کے ایک حصے کے طور تفتیشی ایجنسی نے راوت کے علی باغ میں آٹھ پلاٹ اور دادر میں ایک فلیٹ کو بھی قرق کرلیا۔
اس دوران سنجے راوت نے بھی اپنے خلاف ای ڈی کی کارروائی پر نامہ نگاروں سے بات کی۔ انہوں نے کہاکہ میں کسی سے نہیں ڈرتا، میری جائیداد ضبط کرلو، یا مجھے گولی مار دو یا مجھے جیل میں ڈال دو۔ سنجے راوت بالا صاحب ٹھاکرے کے ماننے والے ہیں اور شیوکے سینک ہیں، ہم لڑیں گے اور ہر ایک چیز کی تفصیلات بیان کروں گا۔
میں خاموش بیٹھنے والا نہیں،آخر حق کی جیت ہوگی۔اس معاملے سے وابستہ عہدیداروں نے بتایا کہ ای ڈی نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کے قانون (پی ایم ایل اے) کے تحت قطعہ اراضی (پلاٹ) اور فلیٹ کو منجمد کرنے کے لیے عارضی اٹیچمنٹ کے احکامات جاری کیے ہیں۔ خیال رہے کہ یہ قرق منی لانڈرنگ کی تحقیقات سے متعلق ہے جس میں 1,034 کروڑ روپے کا زمین گھپلہ شامل ہے جو ممبئی میں ایک ’چال‘ سے متعلق ہے۔
ای ڈی نے اس معاملہ میں فروری میں مہاراشٹر کے تاجر پروین راوت کو گرفتار کیا تھا اور بعد میں چارج شیٹ داخل کی تھی۔ایجنسی نے گزشتہ سال سنجے راوت کی بیوی ورشا راوت سے پی ایم سی بینک فراڈ کیس سے متعلق ایک اور منی لانڈرنگ کیس اور پروین راوت کی بیوی مادھوری کے ساتھ ان کے مبینہ تعلقات کے سلسلے میں بھی پوچھ گچھ کی تھی۔
این سی پی نے شیوسینا لیڈر سنجے راوت کی جائیدادوں کو ضبط کرنے کے ای ڈی کی کارروائی پر منگل کو بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ مہاراشٹرا این سی پی کے چیف ترجمان مہیش تاپسی نے اس کارروائی کو انتقامی سیاست قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی مہاراشٹر میں ایم وی اے لیڈروں کی آواز کو دبانے کے لیے مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔
مہاراشٹرا این سی پی کے چیف ترجمان مہیش تاپسی نے کہا کہ این ڈی اے کا حصہ دار 2019 کے اسمبلی انتخابات کے بعد ریاست میں حکومت نہیں بنا سکے گا۔ اس کے لیے بی جے پی مہا وکاس اگھاڑی لیڈروں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
تاپسی نے ای ڈی کی کارروائی کے وقت پر بھی سوال اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی مہاراشٹر حکومت نے تحقیقاتی ایجنسی کے کچھ عہدیداروں کے خلاف راوت کی طرف سے لگائے گئے بھتہ خوری کے الزامات کی جانچ کے لئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی۔ فوری طور پر ای ڈی نے ان کے خلاف اٹیچمنٹ کی کارروائی کی گئی ہے ۔



