بین ریاستی خبریں

سنجے سنگھ کو دہلی ہائی کورٹ سے ملی مایوسی،ای ڈی کی گرفتاری کو چیلنج کرنے والی عرضی خارج

راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو دہلی ہائی کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا

نئی دہلی،20اکتوبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) دہلی شراب گھوٹالہ معاملے میں جیل میں بند عام آدمی پارٹی کے راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ کو دہلی ہائی کورٹ سے بڑا جھٹکا لگا ہے۔ دہلی ہائی کورٹ نے ای ڈی کی گرفتاری کو چیلنج کرنے والی عام آدمی پارٹی کے رہنما سنجے سنگھ کی عرضی کو مسترد کر دیا ہے۔ اتنا ہی نہیں دہلی ہائی کورٹ نے یہ تبصرہ بھی کیا ہے کہ قانون سب کے لئے برابر ہے، خواہ وہ لیڈر ہو یا عام شہری۔دراصل دہلی شراب معاملے میں گرفتار سنجے سنگھ نے ای ڈی کے ذریعہ گرفتاری کی بنیاد نہ بتانے پر گرفتاری کو غیر قانونی قرار دینے کا مطالبہ کیا تھا، جس پر دہلی ہائی کورٹ نے آج یعنی جمعہ کو اپنا فیصلہ سنایا۔ ہائی کورٹ کی جج جسٹس سوارن کانتا نے سنجے سنگھ کی عرضی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سنجے سنگھ کی گرفتاری قانون کے اصولوں کے مطابق ہے۔

اتنا ہی نہیں دہلی ہائی کورٹ نے سنجے سنگھ کی اس دلیل کو بھی مسترد کر دیا کہ ای ڈی نے انہیں سیاسی بدنیتی کی وجہ سے گرفتار کیا ہے۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ ہم درخواست گزار کی اس دلیل پر کوئی رائے نہیں دیں گے کیونکہ یہ عدالت کے دائرہ اختیار کا موضوع نہیں ہے۔دہلی ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا کہ ای ڈی ایک بڑی جانچ ایجنسی ہے اور اس میں سیاسی مقاصد کو شامل کرنے سے ملک کی شبیہ متأثر ہو سکتی ہے۔ بتادیں کہ سنجے سنگھ کو بھی اسی معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے،جس میں منیش سیسودیا گرفتار ہیں اور فی الحال جیل میں ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button