ممبئی،16فروری:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)آنند مہندرا نے لیجنڈ لیگ اسپنر انیل کمبلے سے ٹیسٹ کیپ حاصل کرنے والے ہندوستانی بلے باز سرفراز کے والد نوشاد خان کو ایک تھار گاڑی تحفے کے طور پر پیش کی۔ اپنے بیٹے کی کامیابی پر نوشاد کے تبصرے سے متاثر ہو کر، مہندرا نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا کہ محنت، ہمت، صبر، ایک باپ کے لیے اس سے بہتر اور کیا خوبیاں ہو سکتی ہیں کہ ایک بچے میں حوصلہ پیدا ہو؟ایک متاثر کن والدین ہونے کے لیے، میرے لئے یہ بہت بڑی بات ہوگی اگر نوشاد خان تھار کا تحفہ قبول کریں ۔راج کوٹ ٹیسٹ کے پہلے دن آکاش چوپڑا کی جانب سے مہمان کمنٹری کے لیے بلائے جانے پر نوشاد رو پڑے۔
گزشتہ روز شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں جیسے ہی سرفراز نے ٹیسٹ کیپ حاصل کی تو ان کے والد اور کوچ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ یہ لمحہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہوا، مداحوں اور ناظرین کے دلوں کو چھو گیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ رات گزرنے میں وقت لگتا ہے، سورج میری مرضی کے مطابق نہیں نکلے گا۔ خوابوں کو حاصل کرنے کا راستہ اکثر جدوجہد اور صبر کی ضرورت کی عکاسی کرتا ہے، خاص طور پر کرکٹ جیسے کھیل میں، ہمت مت چھوڑو، بس۔ان کا کہنا تھا کہ ہر کوچ اور والد کو یقین ہوتا ہے کہ اس کا بیٹا ایک دن ملک کے لیے کھیلے گا، لیکن دنیا اس وقت یقین کرتی ہے جب اسے کیپ ملے، میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ ہمیشہ خواب ہی رہے گا، مجھے معلوم تھا کہ اس میں وقت لگے گا بہت سے لوگوں نے اس کا خواب دیکھا ہے۔ ان میں سے کچھ کو جلد مل جائے گا اور کچھ کو طویل انتظار کرنا پڑے گا۔
سرفراز خان کا انتخاب احمد آباد میں انگلینڈ لائنز کیخلاف سیریز میں انڈیا اے کے لیے رنز بنانے سمیت کئی متاثر کن کارکردگی کے بعد عمل میں آیا۔ انہوں نے ساتھی ڈیبیو کرنے والے دھرو جریل کے ساتھ پلیئنگ الیون میں شریس ایئر کی جگہ لی۔سرفراز خان نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 62 رنز کی اننگز سے کیا۔ تاہم سرفراز کی اننگز کا خاتمہ بدقسمتی سے ہوا ،وہ بلے باز رویندر جڈیجہ کی غلط کال کے بعد رن کے لیے دوڑ پڑے، نتیجتاً آؤٹ ہو گئے۔ کرکٹ شائقین جڈیجہ سے سخت برہم نظر آئے اور سرفراز کے بدقسمتی سے آؤٹ ہونے کا ذمہ دار انہیں ٹھہرایا۔



