
ریاض ، 24جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) یمن کی آئینی حکومت کی رٹ بحالی میں مصروف عرب اتحاد نے سعودی عرب کی ائر ڈیفنس نے مملکت کے جنوبی علاقے ظہران پر داغا جانے والا بیلسٹک میزائل ہدف تک پہنچنے سے پہلے تباہ کر دیا۔عرب اتحاد کے اعلامیے کے مطابق بیلسٹک میزائل کے ٹکڑے ظہران شہر کے جنوب میں واقع انڈسٹریل زون میں گرے۔
علاقے سے ملنے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ ناکام بیلسٹک میزائل حملے میں صنعتی شہر کی ایک ورکشاپ اور وہاں کھڑی عام شہریوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ادھر عرب اتحاد نے یمن کی گورنری الجوف میں حوثی باغیوں کے بیلسٹک میزائل لانچنگ پیڈ کو تباہ کر دیا ہے۔
عرب اتحاد کے بقول باغیوں نے پیر کو علی الصباح اس مقام کو ظہران پر داغے جانے والے بیلسٹک میزائل کے لیے استعمال کیا تھا۔قبل ازیں حوثیوں کی جانب سے داغا جانے والا ایک اور بیلسٹک میزائل جازان شہر کے صنعتی علاقے میں گرا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عرب اتحاد نے حوثیوں کے نئے حملے کے حوالے سے ابتدائی بیان میں کہا ہے کہ اتوار کو جازان کے انڈسٹریل ایریا میں حوثیوں کا ایک بیلسٹک میزائل گرا ہے۔ اس حملے کا مقصد علاقہ میں موجود آبادی کو نقصان پہنچانا تھا-
حملے کے نتیجے میں ایک رہائشی زخمی ہوا ہے۔عرب اتحاد کے مطابق اس سے قبل جمعے کو بھی حوثیوں کی جانب سے خمیس مشیط شہر پر حملہ کیا گیا تھا جسے ناکام بنادیا گیا۔



