بین الاقوامی خبریں

سعودی عرب: کورونا ہدایات کی خلاف ورزی پرایک لاکھ ریال جرمانہ

ریاض 16؍ ستمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے سرکاری اور نجی شعبوں کے مراکزمیں داخل ہوتے وقت احتیاطی تدابیر پرعمل نہ کرنے کے خلاف خبردار کیا ہے۔وزارت داخلہ نے ایک وضاحتی انفوگرافک بیان میں کہا ہے کہ سماجی فاصلوں پر عمل نہ کرنا اور سرکاری اور نجی شعبوں کے ہیڈ کوارٹرز میں داخل ہوتے وقت درجہ حرارت کی پیمائش سے انکار کرنا کرونا پروٹوکول کی کھلی خلاف وروزی تصور کیا جائے گا۔وزارت داخلہ نے بتایا کہ خلاف ورزی پر جرمانہ فی شخص ایک ہزار ریال جرمانہ کیا جائے گا اور بار بار خلاف ورزی پرایک لاکھ ریال جرمانہ ادا کرنا پڑے گا۔

چین دنیا کی اکثریت کو ویکسین فراہم کرسکتا ہے: امریکی میڈیا

ایک امریکی نیوز ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ امریکہ دنیا کے بیشتر ممالک کو ویکسین فراہم نہیں کر رہا تاہم چین ایسا کر سکتا ہے۔ نیوز ویب سائٹ ایکسیوز نیوز نے تجزیاتی فرم ایئر فینیٹی کے اعدادوشمار کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ امریکہ اور دیگر مغربی ممالک نوعمر افراد کی ویکسی نیشن اور ہر شخص کو بوسٹر خوراک فراہم کر سکتے ہیں تاہم، امریکہ اور اس کی دوا ساز کمپنیاں ممکنہ طور پر دنیا کے غریب اور وبا کے خلاف ابھی تک ویکسین سے محروم خطوں کو ویکسین فراہم نہیں کریں گے تاہم چین ایسا کر سکتا ہے۔

داعش کا ایک اہم لیڈر ہلاک : فرانس کا دعویٰ

فرانس نے افریقہ کے ساحل زون میں داعش کے ایک اہم رہنما کو ہلاک کر دینے کا دعویٰ کیا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں کا ٹویٹر پر کہنا تھا کہ عدنان ابو ولید السہراوی کو ’نیوٹرل‘ کر دیا گیا ہے۔ نیوٹرل کا لفظ فوج میں کسی کو ہلاک کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ فرانسیسی صدر نے ساحل زون میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اسے ایک اہم کامیابی قرار دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ داعش کے کارکن ساحل زون سے مالی، نائجر اور برکینافاسو میں مسلح حملے کرتے رہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button