سعودی عرب میں حج ضوابط کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن تیز، غیر قانونی اشتہارات پر گرفتاریاں
سعودی عرب میں حج ضوابط کی خلاف ورزی پر سکیورٹی اداروں کی کارروائی
الریاض 30 اپریل:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سعودی عرب میں حج کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سکیورٹی اداروں کی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں، جس کے تحت حالیہ دنوں میں جعلی حج خدمات فراہم کرنے کے الزام میں متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مملکت میں مقیم انڈونیشیائی شہریت کے حامل تین افراد کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے حج سے متعلق فرضی اور گمراہ کن اشتہارات پھیلا کر لوگوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کی۔ سکیورٹی اہلکاروں نے کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے نقد رقم، کمپیوٹرز اور جعلی حج کارڈز برآمد کیے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور مقدمہ پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
سعودی حکام نے واضح کیا ہے کہ حج پرمٹ کا نظام حجاج کے ہجوم کو منظم رکھنے اور مختلف مقدس مقامات پر خدمات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے نہایت اہم ہے۔ اسی تناظر میں عوام کو غیر لائسنس یافتہ ٹور آپریٹرز اور سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے مشتبہ اشتہارات سے دور رہنے کی سخت ہدایت دی گئی ہے۔
سکیورٹی اداروں کے مطابق عالمی سطح پر حج امور کے دفاتر کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے تاکہ آگاہی مہم کو مؤثر بنایا جا سکے اور زائرین کو کسی بھی قسم کے فراڈ سے محفوظ رکھا جائے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال بھی سعودی سکیورٹی اداروں نے بغیر اجازت حج ادا کرنے کی کوشش کرنے والے دو لاکھ پانچ ہزار سے زائد افراد کو مکہ مکرمہ سے باہر نکالا تھا۔ اس کے بعد سے حج سیزن کے دوران خلاف ورزیوں کی روک تھام کے لیے قوانین کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
حکام نے شہریوں اور مقیم افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ حج سے متعلق تمام قوانین اور ہدایات پر عمل کریں۔ خلاف ورزی کی صورت میں اطلاع دینے کے لیے مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، ریاض اور مشرقی صوبے میں 911 جبکہ دیگر علاقوں میں 999 پر رابطہ کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔



