سعودی عرب نے ہندوستانی جھینگوں کی درآمد پر لگائی عارضی پابندی
منجمد جھینگوں میں ڈبلیو ایس ایس وی (white spot syndrome virus) موجود ہے
ریاض، 30مارچ :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (The Saudi Food and Drug Authority )نے انڈیا سے جھینگے کی درآمد پر عارضی پابندی عائد کر دی ہے۔یہ پابندی ہندوستان سے درآمد کی جانے والی منجمد جھینگے کی مصنوعات میں وائٹ اسپاٹ سنڈروم وائرس (ڈبلیو ،ایس ،ایس، وی) کی موجودگی کا انکشاف ہونے کے بعد لگائی گئی ہے۔اتھارٹی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وزارت ماحولیات، پانی اور زراعت نے تمام سمندری مصنوعات کے نمونے جمع کرنے کی ہدایت کی تھی جس میں سرحدی گزرگاہوں سے درآمد کیے جانے والے جھینگے بھی شامل تھے۔
لیبارٹری میں نمونوں کی جانچ کے دوران پتہ چلا کہ ہندوستان سے درآمد کی جانے والے منجمد جھینگوں میں ڈبلیو ایس ایس وی (white spot syndrome virus) موجود ہے۔اتھارٹی نے کہا کہ پابندی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ہندوستان سعودی عرب کو برآمد کی جانے والی ان مصنوعات کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے خاطر خواہ ضمانتیں فراہم نہیں کرتا تاکہ وائرس سعودی عرب میں ماہی گیری سے وابستہ دیگر مصنوعات میں منتقل نہ ہو۔



