بین الاقوامی خبریں

سعودی عرب: بذریعہ واٹس ایپ خاتون کو ورغلانے کی کوشش کرنے والے کو 5 سال قید

ریاض، 24اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مشرقی سعودی عرب کے علاقے الاحسا میں فرسٹ جوائنٹ کریمنل چیمبر نے ایک شادی شدہ خاتون کو واٹس ایپ کے ذریعے ورغلانے کی کوشش کرنے پر ہراساں کرنیوالے کو 5 سال قید کی سزا سنائی۔ پبلک پراسیکیوشن نے ملزم پر ایک شادی شدہ خاتون کو ہراساں کرنے اور اسے ٹیکنالوجی کے ذریعے بہکانے کی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملزم نے واٹس ایپ کے ذریعہ جنسی مفہوم کے ساتھ ایسے الفاظ بھیجے جن میں بے حیائی کو مدعو کیا گیا تھا۔ ملزم نے عوامی اخلاقیات اور نجی زندگی کے تقدس کو مجروح کیا۔ ملزم نے اپنی ملازمت کے فرائض کی انجام دہی کے دوران خاتون کا فون نمبر حاصل کیا۔ اس طرح اس نے اس سالمیت کی خلاف ورزی بھی کی ہے جس میں سیکورٹی اور ذاتی معلومات کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

چیمبر نے واقعے کی تفصیلات کا جائزہ لیا اور دیکھا کہ ملزم نے اعتراف بھی کیا تھا۔ اس نے اعتراف کیا تھا کہ اس نے خاتون کو پیغامات بھیجے تھیاور یہ کہ جس نمبر سے پیغامات بھیجے گئے وہ نمبر بھی اسی کے زیر استعمال تھا۔ واضح جنسی مفہوم والے الفاظ کے ساتھ عورت کے ساتھ بات چیت کرنا اور اسے بے حیائی کا ارتکاب کرنے کی دعوت دینا اور شوہر سے چھپ کر اس سے گفتگو کرنا پایا گیا۔عدالت نے گفتگو اور مدعا علیہ کے اعترافی بیان کا بھی جائزہ لیا اور اس کی طرف سے جاری کردہ شریعت اور قانونی مجرم پر غور کیا اور اسے 5 سال قید کا حکم دے دیا۔ ان پانچ سالوں میں مقدمہ کے زیر التوا رہنے کے دوران اس کی حراست کی مدت بھی شامل ہے۔


زیر سمندر کیبلز سے بجلی کی ترسیل :سعودیہ اور ہندوستان کا 18 ارب ڈالر کے منصوبے پر غور

ریاض ؍نئی دہلی ، 24اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) اکنامک ٹائمز اخبار کی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ سعودی عرب اور ہندوستان بجلی کی ترسیل کے لیے زیر سمندر تاریں بچھانے کے منصوبے پر غور کر رہے ہیں جس سے ہندوستان کے مغربی ساحل کو سعودی عرب سے ملایا جا سکے گا۔یہ منصوبہ اس ایجنڈے کا حصہ بننے والا ہے جس پر سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان اگلے جمعہ کو نئی دہلی کے دورہ کے دوران بحث کی جائے گی۔ اس دورہ کا مقصد نومبر میں سعودی وزیر اعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ہندوستان کے دورے کی تیاری کرنا ہے۔ اخبار نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کے لیے اس منصوبے میں شامل ہونا ممکن ہے، اس منصوبے کے سرمائے کی لاگت اندازوں کے مطابق 15 سے 18 بلین ڈالر کے درمیان ہوسکتی ہے۔ تاہم یہ حتمی لاگت نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت میں سعودی سفیر نے ٹاٹا گروپ، ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ، جے ایس ڈبلیو، سٹرلائٹ پاور اور اڈانی جیسی بڑی کمپنیوں کو دعوت نامے بھیجے ہیں۔واضح رہے بھارت سعودی ولی عہد کا سفر کا پہلا پڑاؤ ہوگا جس کے بعد وہ انڈونیشیا، جنوبی کوریا اور جاپان بھی جائیں گے۔ہندوستانی گجرات کے ساحل موندرا کی بندرگاہ اور بحیرہ عرب کی دوسری جانب امارات فجیرہ کے درمیان فاصلہ 1600کلومیٹر ہے۔ متبادل طور پر یہ کیبل 1200 کلومیٹر دور عمان سے بھی گزر سکتی ہے۔ اس فاصلہ میں سب سے زیادہ گہرائی 3.5 کلومیٹر ہے۔باخبر ذرائع کے مطابق تیل اور قدرتی گیس کے حکام نے 3 سال قبل منصوبہ کی فزیبلٹی سٹڈی کی تھی۔یہ منصوبہ صرف 15 منٹ میں توانائی کا دو طرفہ بہاؤ فراہم کرے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button