ریاض،25؍اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سعودی عرب کے حکام نے ایک ہفتے کے دوران ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم 15688 افراد کو گرفتار کیا ہے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق غیر قانونی افراد کو 14 سے 20 اکتوبر 2021 کے عرصے میں گرفتار کیا گیا۔
غیر قانونی تارکین سے پاک وطن مہم کے تحت کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی نے کہا ہے کہ گرفتار شدگان میں سے 7088 افراد اقامہ قوانین کی خلاف ورزی کر رہے تھے،اسی طرح 6985 گرفتار شدگان لیبر قوانین کی اور 1615 افراد سرحدی قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ 406 ایسے افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جو غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرکے سعودی عرب میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان میں سے 57 فیصد یمنی، 41 فیصد ایتھوپین جبکہ دو فیصد دیگر ممالک کے تارکین تھے۔10 ایسے افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو غیر قانونی طور پر سرحد عبور کر کے بیرون ملک جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ غیر قانونی تارکین کو سہولت فراہم کرنے اور ان کی مدد کرنے پربھی 20 افراد گرفتار کیے گئے ہیں۔



