سعودی دارالحکومت ریاض ایکسپو 2030 کی کرے گا میزبانی
سعودی دارلحکومت کو رکن ممالک نے 165 میں سے 119 ووٹوں کی اکثریت سے منتخب کیا ہے
ریاض ،29نومبر :(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز)سعودی دارالحکومت ریاض ایکسپو 2030 کی میزبانی کرے گا۔ پیرس میں قائم بیورو انٹرنیشنل ایکسپوزیشن ڈیس کی جنرل اسمبلی نے حتمی ووٹنگ کے بعد تنائج کا اعلان کر دیا۔سعودی دارلحکومت کو رکن ممالک نے 165 میں سے 119 ووٹوں کی اکثریت سے منتخب کیا ہے۔خفیہ رائے شماری الیکڑانک ووٹنگ کے ذریعے کی گئی۔خبر رساں ایجنسی ایس پی اے اور عرب نیوز کے مطابق ریاض کے ساتھ اٹلی کے دارالحکومت روم اور کوریا کے شہر بوسان کے نام بھی امیدواروں میں شامل تھے۔سعودی عرب نے اس باوقار ایونٹ کے لیے جنوبی کوریا اور اٹلی کے چیلنجوں کو شکست دینے کے بعد میزبانی کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ووٹنگ سے قبل مبصرین نے خیال ظاہر کیا تھا کہ ’ریاض ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے سب سے زیادہ مضبوط امیدوار اس لیے بھی ہے کہ میزبانی کی شرائط میں یہ بات شامل ہے کہ وہ ملک میزبانی کا زیادہ حق رکھتا ہے جس نے گذشتہ 15 برسوں میں میزبانی نہ کی ہو۔ اٹلی میں 2015 میں ایکسپو ہو چکا ہے جبکہ 2012 میں جنوبی کوریا اس کا میزبان رہا ہے۔
‘سعودی عرب نے ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے سات ارب 20 کروڑ ڈالر کا بجٹ مختص کر رکھا ہے۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بیورو انٹرنیشنل ایکسپوزیشن ڈیس کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ ’سعودی عرب ایکسپو 2030 کی میزبانی کیلیے سکیموں کی پابندی کرے گا۔ ان سکیموں کو مختلف ملکوں اور اداروں کے تعاون اور شراکت سے روشن حقیقت میں تبدیل کیا جائے گا۔ایس پی اے کے مطابق انہوں نے کہاکہ سعودی عرب ایکسپو 2030 کا منفرد ایڈیشن پیش کرے گا۔ پائیدار ترقی کے اہداف پر توجہ مرکوز رکھے گا۔ان کا کہنا تھاکہ ایکسپو 2030 کی میزبانی کے حوالے سے سعودی عرب نے 130 ملکوں کا اعتماد حاصل کیا ہے۔یاد رہے کہ بیورو انٹرنیشنل ایکسپوزیشن ڈیس کی جنرل اسمبلی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شہزادہ فیصل بن فرحان سعودی وفد کی قیادت کی۔ایکسپو 2030 کے حوالے سے سعودی ٹیم کی ممبر غیداء الشبل نے کہا ’ہم ایکسپو میں عالمی مفاد کے لیے ترجیحات کی پابندی کریں گے۔عالمی برادری کی مدد کے لیے ایسی جگہ بنائیں گے جہاں سب جمع ہوں۔ ہماری توجہات کا محور ترجیحات ہوں گی۔



