سعودی وزیرِ دفاع کی امریکی وزیرِ خارجہ سے ملاقات
دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے شعبوں پر تبادلۂ خیال کیا
واشنگٹن:(اردودنیانیوز.کام/ایجنسیز) سعودی وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز نے واشنگٹن میں امریکی محکمۂ خارجہ کے ہیڈ کوارٹر میں امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلینکن سے ملاقات کی۔امریکی محکمۂ خارجہ کے ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر شہزادہ خالد نے اس موقع پر سرکاری مہمانوں کی کتاب میں ایک بیان لکھا۔ملاقات کے دوران وزراء نے دونوں ممالک کے درمیان قریبی تزویراتی تعلقات کا جائزہ لیا اور انہیں بہتر بنانے کے طریقے تلاش کئے۔ انہوں نے مشترکہ کوششوں اور رابطہ کاری پر بھی تبادلۂ خیال کیا جس کا مقصد خطے میں کشیدگی کو کم کرنا ہے۔مزید برآں انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے شعبوں پر تبادلۂ خیال کیا جو علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی اور استحکام کی حمایت کے مشترکہ وژن کے حوالے سے تھا سعودی عرب کی جانب سے ملاقات میں امریکہ میں سعودی سفیر شہزادی ریما بنت بندر بن سلطان بن عبدالعزیز؛ معاون وزیرِ دفاع برائے انتظامی امور ڈاکٹر خالد بن حسین البیاری؛ یمن میں سعودی سفیر محمد بن سعید الجابر؛ اور وزیرِ دفاع کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل ہشام بن عبدالعزیز بن سیف نے شرکت کی۔
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے ریاستہائے متحدہ کے سرکاری دورے پر آئے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد کا واشنگٹن ڈی سی میں وزارت دفاع کے ہیڈ کوارٹر میں استقبال کیا۔مملکت کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’’واس‘‘کے مطابق دونوں وزراء نے کے درمیان گفتگو کا ایک سیشن ہوا، جس کے دوران انہوں نے مملکت سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان تاریخی دوستی کے تعلقات کا جائزہ لیا اور فوجی اور دفاعی میدان میں دونوں کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط اور ترقی دینے کے طریقوں پر غور کیا۔انھوں نے بین الاقوامی امن اور سلامتی کے حصول میں علاقائی اور عالمی سطح پر دونوں ممالک کے کردار کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے مشترکہ دلچسپی کے متعدد موضوعات پر تبادلہ خیال کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی میدانوں میں ہونے والی تازہ ترین پیشرفت اور دونوں ممالک کے مشترکہ وژن کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔امریکی جانب سے اجلاس میں شرقِ وسط اور شمالی افریقہ کے لیے قومی سلامتی کونسل کے رابطہ کار بریٹ میک گرک، یمن کے لیے امریکی خصوصی ایلچی ٹم لینڈرکنگ؛ ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ برائے قریبی مشرقی امور ہنری ووسٹر؛ جزیرہ نما عرب کے امور کے نائب معاون وزیرِ خارجہ ڈینیل بینائم؛ اور محکمۂ خارجہ میں ڈپٹی چیف آف اسٹاف ٹام سلیوان نے شرکت کی۔



