
حفر الباطن میں آتشزدگی میں ایک ہی خاندان کے چار افراد ہلاک
سعودی عرب میں سردی کی نئی لہر متوقع، بارش کا سلسلہ بدھ تک جاری رہے گا
ریاض، 7جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سعودی عرب کی حفرالباطن کمشنری میں گھر میں آگ لگنے سے یمنی خاندان کے 4 افراد ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوگئے۔مرنے والوں میں آٹھ ماہ کی بچی اور لڑکی جس کی شادی ہونے والی تھی شامل ہے۔سبق نیوز کے مطابق آتشزدگی کا واقعہ طلوع سحر سے قبل اس وقت پیش آیا جب گھر کے افراد سوئے ہوئے تھے اور سردی سے بچنے کے لیے انہوں نے ہیٹرلگایا ہوا تھا جس میں آگ لگ گئی۔آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی شہری دفاع کے فائرفائٹرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
شہری دفاع کے امدادی ٹیم نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ العربیہ نیوز نے متاثرہ خاندان کے بزرگ عوض درویش کے حوالے سے بتایا ان کا کہنا تھا’ہمارے لیے بہت بڑا سانحہ ہے تاہم یہ قدر ہے جس سے کسی کو مفر نہیں، سانحہ کی اطلاع پڑوسیوں نے دی۔انہوں نے مزید کہا’مرنے والوں میں تین لڑکیاں اور ایک چھوٹا بچہ تھا جبکہ ایک 18 سالہ جوان لڑکی جس کی شادی رمضان المبارک کے بعد ہونا تھی وہ اب اس دنیا میں نہیں رہی۔‘
سعودی عرب میں سردی کی نئی لہر متوقع، بارش کا سلسلہ بدھ تک جاری رہے گا
ریاض، 7جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) سعودی عرب میں موسمیات کے قومی مرکز کے ترجمان حسین القحطانی نے کہا ہے کہ مملکت کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ آئندہ بدھ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا’اس دوران سردی کی نئی لہر متوقع ہے جس سے درجہ حرارت مزید کم ہوگا۔خاص طور پر حدود الشمالیہ میں درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔قبل ازیں موسمیات کے قومی مرکز نے بیان میں کہا تھا کہ اتوار سے بدھ تک مملکت کے کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔
مکہ مکرمہ ریجن موسلا دھار بارش اور ژالہ باری کے ساتھ گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔ مکہ شہر، جدہ، بحرہ، الجموم، رابغ، خلیص اور الکامل بھی متاثر ہوں گے۔ طائف، میسان، اضم، المویہ، تربہ، رنیہ، الخرمہ، اللیث اور القففدہ میں درمیانے درجے سے شدید بارش کا امکان ہے، ریاض ریجن کے کئی علاقے درمیانے درجے سے شدید بارش اور ژالہ باری سے متاثر ہوں گے۔بیان میں تبوک، الجوف، حدود الشمالی، حائل، قصیم، الشرقیہ اور مدینہ منورہ ریجن کے علاقوں میں بھی درمیانے درجے سے لے کر شدید بارش کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔
جدہ ایئرپورٹ خراب موسم کے باعث طیارے کو نقصان، کئی پروازیں ری شیڈول
جدہ، 7جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)جدہ ایئرپورٹس کمپنی نے کہا گیا کہ تیز ہواوں کے باعث جدہ ائیرپورٹ پر کچھ پروازوں کو ری شیڈول کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ جدہ شہر میں پیر کی صبح شدید بارش ہوئی ہے۔کمپنی کا کہنا ہے ایئرپورٹ پر آپریشنل آپریشنز معمول کے مطابق جاری ہیں، گراونڈ پر موجود ٹیمیں تمام مسافروں اور کارکنوں کی سیفٹی اور کمفرٹ کے اعلی ترین معیار کو یقینی بنانے کیلیے تندہی سے کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔علاوہ ازیں عاجل نیوز کے مطابق جدہ ایئرپورٹ پر موسم کی خرابی کے باعث فلائی ادیل کے طیارے کی باڈی کو معمولی نقصان پہنچا اور دیگر حادثات دیکھنے میں آئے ہیں۔قبل ازیں جدہ کے کنگ عبد العزیز انٹر نیشنل ایئرپورٹ نے مسافرو ں کو ہدایت کی تھی کہ وہ ایئرپورٹ آنے سے پہلے اپنی ایئرلائن سے رابطہ کریں۔ جدہ میں موسلادھار بارش کے باعث بعض پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی ہوسکتی ہے۔ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ مسافروں کو چاہئے کہ اپنی ایئرلائن سے رابطہ کرکے پرواز کا صحیح وقت معلوم کرلیں اور موسم کی اپ ڈیٹ بھی لیتے رہیں۔



