دادا ساورکر کو مطعون کئے جانے پر پوتاساورکر سیخ پا
نئی دہلی ،17 نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) سخت گیر ہندوتوا کے نظریاتی بانی دامودر ساورکر کے پوتے نے جمعرات کوجواہر لعل نہروکی بیٹی کے پوتے اور کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے خلاف مبینہ طور پر ساورکر کو مطعون کئے جانے پر مقدمہ درج کرایا۔ ساورکر کے پوتے رنجیت ساورکر نے شیواجی پارک پولیس اسٹیشن میں درج کرائی گئی اپنی شکایت میں یہ بھی مطالبہ کیا کہ مہاراشٹر کانگریس کے سربراہ نانا پٹولے پر بھی ایسا ہی بیان دینے پر مقدمہ درج کیا جائے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ابھی تک کوئی ابتدائی اطلاع درج نہیں کی گئی ہے۔ساورکر کے پوتے رنجیت ساورکر نے کہا کہ میں یہاں مہاراشٹر میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کے خلاف ایک جلسہ عام میں دادا ساورکرکو مبینہ طور پر مطعون کئے جانے پر شکایت درج کرانے آیا ہوں۔واضح ہو کہ راہل گاندھی نے ساورکر کے متعلق کہا تھاکہ ساورکر نے پنشن لی اور انگریزوں کی وفاداری کی ،اور ملک کے خلاف کام کیا۔
راہل گاندھی نے جمعرات کو اپنی بھارت جوڑو یاترا کے دوران ساورکر کو نشانہ بناتے ہوئے ساورکر پر انگریزوں کی مدد کرنے اوررحم کی بھیک کیلئے درخواست لکھنے کا الزام لگایا۔ مہاراشٹر کے آکولہ ضلع کے وڈیگاؤں میں ایک پریس کانفرنس میں راہل گاندھی نے 1920 کے سرکاری ریکارڈ کے دستاویزات دکھائے، جن میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ساورکر نے انگریزوں کو یہ خط لکھ کر معافی مانگی تھی ۔تاہم اس سلسلے میں ایک پولیس افسر نے بتایا کہ کوئی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی ہے۔
ہم مزید تفتیش کر رہے ہیں۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما آشیش شیلر نے جمعرات کو سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی طرف سے ساورکر کی تعریف کا حوالہ دیا، جبکہ ہندوتوا کے نظریے کے بارے میں راہل گاندھی کے ریمارکس پر تنقید کی۔ ممبئی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے شیلار نے کہا کہ راہل گاندھی نے ویر ساورکر کے بارے میں بے بنیاد تبصرہ کیا ہے اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ راہل کی دادی آنجہانی اندرا گاندھی ساورکر کی عزت کرتی تھیں۔ شیلار نے کہا، میں آپ کو اس وقت کی وزیر اعظم اندرا گاندھی کا ایک خط دکھا سکتا ہوں، جس میں ساورکر کو ہندوستان کا ایک قابل ذکر سپوت بتایا ہے، جس میں ان کے سکریٹری سے ساورکر کی پیدائش کی صد سالہ تقریبات کی منصوبہ بندی کرنے کو کہا گیا تھا۔



