پالیسی سازوں کو زمینی حقائق سے باخبرہوناچاہیے:سپریم کورٹ عدالت نے ڈیجیٹل انڈیاکی صور تحال بتائی،ویکسین کے لیے ایپ پررجسٹریشن پرسوال اٹھایا
نئی دہلی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سپریم کورٹ نے پیر کو مرکز سے پوچھاہے کہ اینٹی کورونا وائرس ویکسینوں کی خریداری کے لیے مختلف ریاستوں کی جانب سے عالمی ٹینڈرز جاری کرنے کے درمیان اس کی ویکسین وصول کرنے کی کیا پالیسی ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے ویکسینیشن سے قبل ایپ پر لازمی رجسٹریشن کی ضرورت پر بھی سوال اٹھایا اور کہاہے کہ پالیسی سازوں کو زمینی حقیقت سے آگاہ ہوناچاہیے اورڈیجیٹل انڈیا کی اصل صورتحال کو ذہن میں رکھنا چاہیے۔
جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ ، جسٹس ایل ناگیشورا راؤ اور جسٹس ایس رویندر بھٹ پر مشتمل تین رکنی خصوصی بینچ کورونا وائرس کے مریضوں کو ضروری ادویات ، ویکسین اور میڈیکل آکسیجن کی فراہمی سے متعلق معاملے کی سماعت کررہی تھی۔بنچ نے کہاہے کہ مرکز نے ویکسین کے لیے ایپ پر اندراج کولازمی قرار دے دیاہے لہٰذا یہ ملک میں ڈیجیٹل تقسیم کے معاملے کو کیسے حل کرے گا۔بنچ نے پوچھا ہے کہ آپ مستقل طور پر یہ کہہ رہے ہیں کہ صورتحال لمحہ بہ لمحہ بدل رہی ہے لیکن پالیسی سازوں کو زمینی صورتحال سے آگاہ ہونا چاہیے۔
آپ بار بار ڈیجیٹل انڈیا کا نام لیتے ہیں لیکن دیہی علاقوں میں صورتحال مختلف ہے۔ کیا جھارکھنڈ کا ایک ناخواندہ مزدور راجستھان میں کسی طرح رجسٹریشن کروائے گا؟ مجھے بتائیں کہ آپ اس ڈیجیٹل تقسیم کو کیسے دور کریں گے؟عدالت نے کہا ہے کہ آپ کو دیکھنا چاہیے کہ ملک بھر میں کیا ہو رہا ہے۔ آپ کو زمینی صورتحال کا پتہ ہونا چاہیے اور اسی کے مطابق پالیسی میں تبدیلیاں لانی چاہئیں۔
اگر ہمیں یہ کرنا تھا تو ، ہمیں 15-20 دن پہلے ہی کر لینا چاہیے تھا۔سالیسیٹر جنرل طوشر مہتا نے بینچ کو آگاہ کیا کہ اندراج لازمی قرار دیا گیا ہے کیونکہ دوسری خوراک کے لیے اس شخص کا پتہ لگانا ضروری ہے۔ جہاں تک دیہی علاقوں کا تعلق ہے ، یہاں کمیونٹی مراکز موجود ہیں جہاں لوگ ویکسینیشن کے لیے اندراج کرواسکتے ہیں۔بنچ نے مہتا سے پوچھا کہ کیا حکومت کو یہ محسوس ہوتا ہے کہ یہ عمل ممکن ہے۔
بنچ نے پالیسی سے متعلق دستاویزات پیش کرنے کی ہدایت کی۔بنچ نے سالیسیٹر جنرل تشار مہتا سے پوچھا ہے کہ متعدد ریاستیں انسداد کوویڈ ویکسین کی خریداری کے لیے عالمی سطح پر ٹینڈر لے رہی ہیں ، کیا یہ مرکزی حکومت کی پالیسی ہے؟ اس میں بنچ نے پنجاب اور دہلی جیسی ریاستوں اور ممبئی کی میٹرو پولیٹن بلدیہ کا حوالہ دیا۔
بنچ نے کہا ہے کہ کیایہ مرکزی حکومت کی پالیسی ہے کہ ریاستیں یا میونسپل باڈیز ویکسین خرید سکتی ہیں یا مرکزی حکومت انہیں نوڈل ایجنسی کی طرح خریدنے جا رہی ہے؟ ہم اس بارے میں وضاحت چاہتے ہیں اور جاننا چاہتے ہیں کہ پالیسی کے پیچھے کیا منطق ہے۔



