16 برس قبل محبت کی شادی، شوہر کے شبہات کے سائے میں زندگی کا خاتمہ
محبت سے شروع ہونے والا سفر، شبہات کے اندھیرے میں ختم ہو گیا۔
حیدرآباد 26 فروری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) آندھرا پردیش کے ضلع وجیانگرم کے قصبہ بوببلی میں ایک پرائیوٹ اسکول کی خاتون ٹیچر کی مشتبہ موت نے علاقے میں سنسنی پھیلا دی۔ متوفیہ سُنکری مادھوی دیوی (40) سولہ برس قبل نریش نامی شخص سے محبت کی شادی کی تھی۔ دونوں میاں بیوی اپنے دو بچوں کے ساتھ خوشگوار زندگی گزار رہے تھے۔
مادھوی دیوی ایک پرائیوٹ اسکول میں ریاضی کی معلمہ تھیں جبکہ ان کا شوہر نریش کار ڈرائیور کے طور پر کام کرتا تھا۔ ان کے بیٹے اور بیٹی بالترتیب دسویں اور نویں جماعت میں زیر تعلیم ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکول کے امور کے سلسلے میں مادھوی دیوی کو اکثر فون کالس موصول ہوتی تھیں، جس پر شوہر کو شبہ ہونے لگا تھا۔ اسی معاملے پر دونوں کے درمیان اکثر جھگڑے بھی ہوتے تھے اور شوہر کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ نشہ کی حالت میں بھی بحث و تکرار کرتا تھا۔
اطلاعات کے مطابق واردات سے ایک رات قبل مادھوی دیوی اپنے بچوں کے ساتھ قریبی رشتہ دار کے گھر گئی تھیں۔ رات تقریباً ساڑھے نو بجے شوہر کے فون کے بعد وہ اپنے گھر لوٹ آئیں۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی والدہ سے بھی بات کی اور اگلی صبح تہوار کے سلسلے میں جانے کا ذکر کیا۔ انہوں نے اسکول سے متعلق ایک پیغام جاری کیا جس کے بعد کچھ عملہ سے بات چیت بھی ہوئی۔
مگر اگلی صبح وہ اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔ شوہر نے مبینہ طور پر ان کے بھائی کو فون کر کے اطلاع دی۔ اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ شوہر کی ہراسانی اور شبہات کے سبب یہ سانحہ پیش آیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مختلف پہلوؤں سے جانچ شروع کر دی ہے۔
یہ معاملہ خودکشی ہے یا قتل، اس بارے میں شکوک و شبہات برقرار ہیں۔ آیا کسی فون کال کے باعث دوبارہ جھگڑا ہوا یا غصہ میں آ کر کوئی سنگین قدم اٹھایا گیا، ان تمام نکات پر تحقیق جاری ہے۔ ایک خوش مزاج معلمہ کی اچانک موت سے مقامی افراد میں غم و غصہ پایا جا رہا ہے، خصوصاً کم عمر بچوں کے مستقبل کو لے کر ہر آنکھ اشکبار ہے۔



