بین الاقوامی خبریں

تائیوان کے فوجیوں کے لیے خفیہ امریکی تربیت، رپورٹ

نیویارک ، 8اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)تائیوان میں ایک امریکی بحری دستہ اور ایک خصوصی یونٹ مسلح افواج کی تربیت کے لیے تعینات ہیں۔ اس بات کا انکشاف امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے حکومتی اہلکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے کیا ہے۔ اس امریکی جریدے کے مطابق اس تربیتی مشن کے لیے کم ازکم دو درجن امریکی فوجی تعینات ہیں اور یہ ٹریننگ تائیوان کے دفاع کو مضبوط بنانے کی امریکی کوششوں کا حصہ ہے۔

  پنٹاگان کا تائیوان میں خفیہ تربیتی مشن چلانے کی خبروں کی تصدیق سے انکار

امریکہ کے محکمہ دفاع کے عہدیدار ان اطلاعات کی تصدیق سے انکار کر رہے ہیں کہ امریکی فورسز تائیوان میں موجود ہیں اور تائیوانی افواج کو خفیہ تربیت فراہم کر رہی ہیں تاکہ انہیں چین کی طرف سے کسی بھی حملے کی صورت میں مقابلے کے لیے تیار کیا جا سکے۔
اخبار ‘وال اسٹریٹ جرنل’ نے جمعرات کو اپنی ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ پنٹاگان کے تقریباً دو درجن اسپیشل آپریشن ٹروپس تائیوان کی مسلح افواج کے سیلیکٹ یونٹ کے ساتھ کام کر رہے ہیں جب کہ یو ایس میرینز بھی تائیوان کی فورسز کو میری ٹائم تکنیک سکھاتے رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق امریکی عہدے داروں نے ’وال اسٹریٹ جرنل‘ کو اپنا نام صیغہ راز میں رکھنے کی شرط پر بتایا ہے کہ امریکی افواج کم از کم پچھلے ایک سال سے تربیتی آپریشنز میں مصروف ہیں۔
پنٹاگان کے عہدیداروں نے اس طرح کی خبروں کی تصدیق سے انکار کیا ہے۔ اگرچہ پینٹاگان ترجمان نے کہا ہے کہ امریکہ اور تائیوان کے تعلقات چین سے آنے والے خطرات کے پیش نظر باہم استوار ہیں۔
محکمہ دفاع کے ترجمان جان اسپل نے ایک بیان میں بتایا کہ چین نے تائیوان اور دیگر اتحادیوں پر دباؤ بڑھانے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ ان کے بقول،چین نے تائیوان کے علاقوں, ایسٹ چائنہ سی اور ساوتھ چائنہ سی میں فوجی مشقیں بھی کی ہیں۔ جس پر ہم سمجھتے ہیں کہ یہ سب کچھ عدم استحکام پیدا کر رہا ہے اور اس سے غلط نتائج اخذ کرنے کا خطرہ بھی موجود ہے۔
رپورٹ کے مطابق محکمہ دفاع نے اپنے بیان میں مزید بتایا ہے کہ امریکہ تائیوان کے سمندری راستے سمیت اس علاقے میں امن اور استحکام کا عزم رکھتا ہے اور واشنگٹن بیجنگ پر زور دیتا ہے کہ وہ اُن معاہدوں کی پاسداری کرے جو تین اعلامیوں کے اندر واضح طور پر درج ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

Back to top button