
نئی دہلی ، ۵؍ستمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دارالحکومت دہلی میں دہشت گردانہ حملے کی خفیہ اطلاع انٹیلی جنس کے ذریعہ موصول ہوئی ہیں۔ خفیہ اداروں نے پولیس کو متنبہ کیا ہے کہ دہشت گرد اسرائیلی سفارت خانہ پر ممکنہ طورپر حملہ کر سکتے ہیں۔اس اطلاع کے پیش نظر ہفتے کے روز سے اسرائیلی سفارت خانہ اور اس سے وابستہ اداروں کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ پولیس نے پورے نئی دہلی کے علاقہ میں پکٹس لگا کر چیکنگ شروع کر دی ہے۔
دہلی پولیس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارت خانہ اور اس کے آس پاس کے علاقہ پرسخت نظر رکھی جا رہی ہے۔ مقامی پولیس کے علاوہ نیم فوجی دستوں کو بھی سکیورٹی کے لیے تعینات کردیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق اسرائیلی شہری 6 ستمبر کو نیا سال مناتے ہیں، اس سال نو کی تقریب کے موقع پر سفارتخانہ میں لوگوں کا بڑا ہجوم ہوتا ہے۔ خفیہ ایجنسیوں کو اطلاعات ملی کہ دہشت گرد سفارت خانہ میں داخل ہوکر اسرائیلی شہریوں اور یہودیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔
اس کی اطلاع انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ نے سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ شیئر کی، جس کے بعد فوری طور پر پولیس نے اسرائیلی سفارت خانہ ، قونصل خانہ اور اس کے ملازمین کی رہائش کی سکیورٹی بڑھا دی ہے ۔ نئی دہلی جانے والی تمام سڑکوں پر پیکٹ لگا کر گاڑیوں کی تلاشی بھی لی جا رہی ہے، پولیس کے علاوہ نیم فوجی دستوں کو بھی مختلف مقامات پر تعینات کیا گیا ہے۔



